Bharat Express DD Free Dish

UDMA Day 2026: جامعہ ملیہ اسلامیہ میں اُڈما ڈے 2026 کا انعقاد 10 اکتوبر سے، یونانی طب، ادویہ سازی، تحقیق، تعلیم اور صحت سے وابستہ نمائندگان کی شرکت

میلے میں ڈسٹری بیوٹرز اور ایجنسیوں کو کمپنی مالکان اور سینئر نمائندگان سے براہِ راست ملاقات اور کاروباری و ڈسٹری بیوشن کے امکانات پر گفتگو کا موقع ملے گا۔ ڈاکٹروں اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کو بھی مختلف مصنوعات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے اور پروڈکٹ سیمپلز دیکھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

نئی دہلی: یونانی ڈرگس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (UDMA) کی جانب سے 9ویں اُڈما ڈے 2026 کا انعقاد 10 اور 11 اکتوبر کو جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی میں کیا جائے گا۔ دو روزہ قومی پروگرام میں یونانی طب، ادویہ سازی، تحقیق، تعلیم اور صحت کے شعبوں سے وابستہ ماہرین، معالجین، محققین، طلبہ اور صنعت کے نمائندگان شرکت کریں گے۔ اس سال پروگرام کا مرکزی موضوع ’’صحت مند مستقبل کے لیے یونانی ورثے کا فروغ‘‘ ہے۔ پروگرام کا مقصد یونانی نظامِ طب اور ادویہ سازی کو فروغ دینے کے ساتھ معیاری ادویات کی تیاری، سائنسی تحقیق، جدت طرازی اور صنعت و تعلیمی و تحقیقی اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔

پریس کانفرنس میں پروگرام کی تفصیلات کا اعلان

پروگرام کے حوالے سے یہ جانکاری نئی دہلی کے ابوالفضل انکلیو، جامعہ نگر، اوکھلا میں واقع مسلم مجلس مشاورت کے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں دی گئی۔ اس موقع پر پروگرام کے مقاصد، سرگرمیوں اور یونانی ادویہ سازی کی صنعت سے متعلق اہم امور پر میڈیا نمائندگان کو معلومات فراہم کی گئیں۔ پریس کانفرنس میں محسن دہلوی، منیر عظمت، محمد جلیس، خبیب بقائی اور عزیر بقائی موجود رہے۔

50 سے زائد کمپنیاں لگائیں گی اسٹالز

پروگرام کی اہم سرگرمیوں میں ’آیوش ہیلتھ میلہ‘ شامل ہے، جس میں UDMA کی 50 سے زائد رکن مینوفیکچرنگ کمپنیاں اپنے اسٹالز لگائیں گی۔ میلے میں یونانی، آیورویدک اور ہربل مصنوعات کی نمائش کی جائے گی۔ عام لوگوں کو مصنوعات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے ساتھ بعض کمپنیوں کی جانب سے خصوصی رعایتیں بھی دی جائیں گی۔ میلے میں ڈسٹری بیوٹرز اور ایجنسیوں کو کمپنی مالکان اور سینئر نمائندگان سے براہِ راست ملاقات اور کاروباری و ڈسٹری بیوشن کے امکانات پر گفتگو کا موقع ملے گا۔ ڈاکٹروں اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کو بھی مختلف مصنوعات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے اور پروڈکٹ سیمپلز دیکھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

10 اکتوبر کو افتتاحی تقریب، ٹاپرز کو دیے جائیں گے ایوارڈز

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈوائزری بورڈ کے سربراہ محسن دہلوی نے بتایا کہ افتتاحی تقریب 10 اکتوبر کو صبح 11 بجے سے دوپہر ایک بجے تک جامعہ ملیہ اسلامیہ کے انصاری آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی۔ تقریب کے دوران بی یو ایم ایس ٹاپرز کو ایوارڈز دیے جائیں گے، کتاب اور سووینئر کی رونمائی ہوگی اور ماہرین خصوصی خطابات کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر لکشمی کانت باجپائی، رکن پارلیمنٹ، راجیہ سبھا تقریب میں مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ معزز مہمانوں میں بی جے پی اقلیتی مورچہ کے صدر کنور باسط علی، ڈاکٹر این۔ ظہیر احمد، ڈاکٹر ڈی۔ سی۔ کاٹوچ اور ڈاکٹر یوگیتا منجال شامل ہیں۔

حجامہ، نیورولوجی اور یونانی طب پر ہوگا تبادلہ خیال

افتتاحی تقریب کے بعد CUME کا اجلاس دوپہر 2:30 بجے سے شام 5:30 بجے تک ایف ٹی کے-سی آئی ٹی ہال میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں حجامہ تھراپی، نیورولوجی اور یونانی طب، یونانی طب کے تحفظ و فروغ اور کلینیکل تجربات سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی جائے گی۔ 11 اکتوبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک پریزنٹیشن، پوسٹر اور پیپر سیشن منعقد ہوگا، جس میں محققین، ماہرینِ تعلیم اور طبی ماہرین اپنے تحقیقی مقالے اور پوسٹر پیش کریں گے۔ پروگرام کے اختتام پر اختتامی کلمات کے ساتھ شرکا میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے جائیں گے۔

معالجین، محققین اور صنعت کے نمائندگان کو شرکت کی دعوت

خبیب بقائی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ UDMA کی گورننگ باڈی نے یونانی طب سے وابستہ معالجین، محققین، طلبہ، ماہرینِ تعلیم، صنعت کے نمائندگان، ڈسٹری بیوٹرز، آیوش شعبے سے وابستہ افراد اور عام لوگوں کو پروگرام میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ تنظیم کے مطابق، اُڈما ڈے یونانی ورثے، سائنسی تحقیق، معیاری ادویہ سازی اور مستقبل میں یونانی طب کے امکانات پر تبادلہ خیال کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read