Bharat Express DD Free Dish

Delhi High Court: کیا طلبہ کو ڈرانا پولیس کا نیا اصول ہے؟ آئیسا کا دہلی پولیس پر حملہ، ہائی کورٹ سے لگائی فریاد

دہلی ہائی کورٹ 22 اکتوبر کو آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کی صدر نیہا بورا کی جانب سے دائر عرضی پر سماعت کرے گی۔ نیہا نے دہلی پولیس کی جانب سے جاری بانڈ نوٹس کو عدالت میں چیلنج کیا ہے۔

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ 22 اکتوبر کو آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (AISA) کی صدر نیہا بورا کی جانب سے دائر عرضی پر سماعت کرے گی۔ بورا نے دہلی پولیس کے بانڈ نوٹس کے خلاف دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ عرضی میں انہیں امن برقرار رکھنے کے لیے 10 ہزار روپے کا ذاتی مچلکہ اور ایک ضمانتی پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

نیہا بورا کو اسپیشل ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت

نیہا بورا نے اپنی عرضی میں الزام لگایا ہے کہ 16 اکتوبر کو حراست سے رہائی کے بعد سے سادہ لباس میں دہلی پولیس کے اہلکار ان کا پیچھا کر رہے ہیں اور انہیں ڈرانے دھمکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بورا نے بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (BNSS) کی دفعہ 126 اور 130 کے تحت جاری کیے گئے نوٹس پر روک لگانے اور اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دہلی پولیس نے 18 اکتوبر کو نوٹس جاری کرکے نیہا بورا کو اسپیشل ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔ جاری کردہ نوٹس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ تفتیش کی مدت کے دوران امن برقرار رکھنے کے لیے 10 ہزار روپے کا ذاتی مچلکہ اور ایک ضمانتی پیش کریں۔

معاملہ 16 اکتوبر کو کناٹ پلیس میں ہونے والے ’لہرا دو ترنگا‘ مظاہرے سے جڑا ہے

نیہا بورا کے وکیل نے مجسٹریٹ کو مطلع کیا ہے کہ نیہا مچلکے پر دستخط نہیں کریں گی۔ نیہا بورا نے یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا ہے، جب چیف الیکشن کمشنر (CEC) کے خلاف مظاہروں کو جاری رکھنے کی کوششیں دیکھی جا رہی ہیں۔ آئیسا کا کہنا ہے کہ یہ نوٹس مبہم ہے، حقائق کے لحاظ سے غلط ہے اور آئین کے آرٹیکل 19 اور آرٹیکل 21 کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ یہ دونوں آرٹیکل اظہار رائے کی آزادی اور شخصی آزادی کی ضمانت دیتے ہیں۔ آئیسا نے سوال اٹھایا ہے کہ 16 اکتوبر کو حراست سے رہائی کے بعد سے دہلی پولیس کے سادہ لباس والے اہلکار نیہا کا پیچھا کیوں کر رہے ہیں؟ تنظیم نے سوال کیا کہ کیا کسی طالبہ اور طلبہ لیڈر کو ڈرانے دھمکانے کے لیے اس کا پیچھا کرنا دہلی پولیس کا نیا طریقہ کار بن گیا ہے؟ واضح رہے کہ دہلی ہائی کورٹ میں اس ہفتے تعطیلات ہیں۔ اس کے باوجود آئیسا کی قانونی ٹیم دہلی ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کے سامنے معاملہ پیش کرکے فوری سماعت کا مطالبہ کرے گی۔ یہ پورا معاملہ 16 اکتوبر کو کناٹ پلیس میں ہونے والے ’لہرا دو ترنگا‘ مظاہرے سے متعلق ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read