اندور حادثے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ (Image Source: PTI)
Indore Temple Collapse: اندور میں رام نومی کے موقع پر بلیشور مہادیو جھولے لال مندر میں ہوئے حادثے میں اب تک 13 افراد کی جان جاچکی ہے۔ رام نومی کی پوجا کے دوران مندر کے اندر واقع باؤڑی دھنس جانے سے یہ حادثہ ہوا، جس میں اب تک 13 لاشیں باہر نکالی جاچکی ہیں۔ وہیں مہلوکین کے اہل خانہ کے لئے 5-5 لاکھ روپئے معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حادثہ سے متعلق مجسٹریٹ جانچ کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ ساتھ ہی ریسکیو آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔
5-5 لاکھ روپئے معاوضے کا اعلان
مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان نے اعلان کیا ہے کہ اندور حادثہ کے مہلوکین کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپئے کی امدادی رقم دی جائے گی۔ جبکہ زخمیوں کو 50,000 روپئے دیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم متاثرہ فیملی کے ساتھ ہیں۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس سمیت این ڈی آر ایف کی ٹیم، ضلع انتظامیہ کا عملہ اور پولیس کمشنر بھی موقع پر پہنچ گئے۔
Stepwell collapse at Indore temple | MP: An ex-gratia amount of Rs 5 lakhs to be given to next of kin of deceased while Rs 50,000 will be given to the injured: MP CM SS Chouhan pic.twitter.com/tbHUd1LluZ
— ANI MP/CG/Rajasthan (@ANI_MP_CG_RJ) March 30, 2023
ریسکیو آپریشن جاری
حادثے کی خبر ملتے ہی این ڈی آر ایف کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور باؤڑی میں گرے ہوئے لوگوں کو نکالنے کا کام شروع کیا گیا۔ اس میں 19 افراد کو ٹیم نے ریسکیو کرلیا۔ اندور کے پولیس کمشنرکے مطابق، مندر میں ہوئے اس حادثے میں 11 افراد کی موت ہوگئی۔ جبکہ کئی افراد کو محفوظ بچا لیا گیا۔
وزیراعظم مودی کا بیان
حادثے سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اندور میں ہوئے حادثے سے بے حد غمزدہ ہوں۔ وزیراعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان سے بات کی اور حالات کی جانکاری لی۔ ریاستی حکومت بچاؤ اور راحتی کاموں میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ میری دعائیں ان سبھی متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گجرات کے بڑودرہ میں رام نومی کی شوبھا یاترا کے دوران دو گروپوں میں تصادم، پہنچی پولیس نے کیا لاٹھی چارج
وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ کا بیان
حادثے سے متعلق وزیراعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان نے کہا کہ ہم سب پوری طاقت سے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ میں مسلسل رابطے میں ہوں۔ ابھی تک کئی لوگ نکالے جاچکے ہیں۔ ہم نے بہتر سے بہتر وسائل لگائے ہوئے ہیں، مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں۔ اندر پھنسے سبھی لوگوں کو نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔
-بھارت ایکسپریس