وزیر اعظم نریندر مودی۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ مغربی ایشیا کی جنگ نے پوری دنیا میں بے چینی پیدا کر دی ہے اور یہ اکیسویں صدی کے سب سے بڑے توانائی بحرانوں میں سے ایک بن چکی ہے۔ تاہم بھارت نے درست فیصلوں، بروقت صورتحال کا جائزہ لینے، مؤثر حکمتِ عملی اور سفارتی طاقت کے مثبت استعمال کے ذریعے اس بحران پر قابو پایا۔انہوں نے کہا کہ جب یہ بحران شروع ہوا تو اس سے پہلے بھارت تقریباً 25 سے 26 ممالک سے ایندھن درآمد کرتا تھا، لیکن مشکل حالات میں بھارت کی سفارت کاری نے اپنی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ مختلف ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات کی بدولت بھارت نے ایندھن کی فراہمی کے ذرائع میں اضافہ کیا اور بحران کے دوران 40 سے زائد ممالک سے ایندھن درآمد کرنا شروع کر دیا۔
قومی مفاد اور شہریوں کی فلاح سب سے مقدم
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے پوری دنیا کو واضح پیغام دیا کہ اس کے لیے قومی مفاد اور شہریوں کی فلاح سب سے مقدم ہے۔ اسی سوچ کے تحت حکومت نے توانائی کی فراہمی کو ہر حال میں برقرار رکھنے کے لیے سفارتی سطح پر مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔
وزیر اعظم مودی نے اپوزیشن کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا
اپنے خطاب میں وزیر اعظم مودی نے اپوزیشن کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایندھن کے بحران کے دوران بعض سیاسی قوتوں نے افواہیں پھیلائیں، عوام میں خوف پیدا کرنے کی کوشش کی اور سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، تاہم وہ اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں معمولی رکاوٹوں کے علاوہ ملک میں کہیں بھی ایندھن کی سپلائی کا کوئی بڑا بحران پیدا نہیں ہوا۔ ان کے مطابق جب کچھ لوگ عوام میں بے چینی اور شکوک و شبہات پھیلانے میں مصروف تھے، اس وقت حکومت کے مختلف ادارے دن رات کام کر رہے تھے اور پالیسی سازی سے لے کر سفارتی محاذ تک ہر سطح پر حساس فیصلے کیے جا رہے تھے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ حکومت کی مسلسل محنت، صبر، مؤثر منصوبہ بندی اور سفارتی اقدامات نے ملک کو ایک بڑے بحران سے بچایا اور آنے والے وقت میں یہی فیصلے تاریخ کا حصہ بنیں گے۔ آخر میں انہوں نے 140 کروڑ بھارتی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں عوام نے حکومت پر اعتماد برقرار رکھا، افواہوں اور خوف پھیلانے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اسی اعتماد اور اتحاد کی بدولت بھارت اس بحران سے کامیابی کے ساتھ نکلنے میں کامیاب ہوا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
