نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت اور فن لینڈ کے درمیان ڈیجیٹلائزیشن اور پائیداری کے میدان میں اسٹریٹجک شراکت داری دونوں ممالک کے عوام کے لیے بے شمار مواقع پیدا کرے گی۔ وزیراعظم نے یہ بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں دیا۔ انہوں نے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال کی پوسٹ کو نقل کرتے ہوئے فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب کے دورہ بھارت کے نتائج کا حوالہ دیا۔ بھارت اور فن لینڈ کے درمیان اس شراکت داری کے تحت مصنوعی ذہانت، 6 جی، صاف توانائی اور کوانٹم کمپیوٹنگ جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ فن لینڈ کے صدر کے پہلے سرکاری دورہ بھارت کے موقع پر وزیراعظم مودی نے کہا کہ ایک تجربہ کار رہنما کی حیثیت سے ان کی شرکت باعث اعزاز ہے، خصوصاً اس سال کے رائزینا ڈائیلاگ میں بطور مہمان خصوصی ان کی موجودگی خوش آئند ہے۔
عالمی حالات اور دو طرفہ تعلقات
وزیراعظم نے کہا کہ یوکرین سے لے کر مغربی ایشیا تک دنیا کے کئی خطوں میں کشیدگی برقرار ہے، ایسے وقت میں بھارت اور یورپ کے تعلقات ایک سنہرے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان حیدرآباد ہاؤس میں دو طرفہ ملاقات ہوئی، جہاں مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر بات چیت کی گئی۔ وزارت خارجہ کے مطابق بات چیت میں علاقائی اور عالمی امور کے ساتھ ساتھ کثیر الجہتی فورمز پر باہمی تعاون کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ ملاقات کے بعد وزیر اعظم مودی نے صدر اسٹب کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا۔ اس سے قبل وزیر خارجہ ایس جے شنکرنے بھی فن لینڈ کے صدر سے ملاقات کی اور اعلیٰ سطحی بات چیت سے پہلے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ رائزینا ڈائیلاگ میں صدر اسٹب کے خطاب کے منتظر ہیں، جہاں وہ کلیدی خطاب کریں گے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



