فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون
نئی دہلی: انڈیا اے آئی سمٹ 2026 کے چوتھے دن فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے اے آئی امپیکٹ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی ڈیجیٹل پیش رفت کو بھرپور انداز میں سراہا۔ وزیراعظم نریندر مودی کی میزبانی میں منعقدہ اس اہم عالمی اجلاس میں میکرون نے اپنی تقریر کا آغاز ”نمستے“سے کیا، جس پر شرکاء نے تالیاں بجا کر خیرمقدم کیا۔ صدر میکرون نے کہا کہ بھارت نے وہ کارنامہ انجام دیا ہے جو دنیا کا کوئی اور ملک نہیں کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ 1.4 ارب افراد کے لیے ڈیجیٹل شناخت کا نظام قائم کرنا، ہر ماہ 20 ارب لین دین کرنے والا ادائیگی کا نظام تیار کرنا اور 50 کروڑ ڈیجیٹل ہیلتھ آئی ڈیز جاری کرنا غیر معمولی کامیابیاں ہیں۔ انہوں نے بھارت کے یو پی آئی نظام اور ”انڈیا اسٹیک اوپن انٹرآپریبل سوورن“ ماڈل کو ڈیجیٹل شمولیت کی بہترین مثال قرار دیا۔
#WATCH | Delhi: At the #IndiaAIImpactSummit2026, French President Emmanuel Macron says, “10 years ago, a street vendor in Mumbai could not open a bank account. No address, no papers, no access and today the same vendor accepts payments on his phone…”
(Source: DD News) pic.twitter.com/GYzgmu1Eqg
— ANI (@ANI) February 19, 2026
انہوں نے کہا کہ یہ سمٹ دراصل اسی رفتار سے آگے بڑھنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے، کیونکہ دنیا اس وقت مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے میدان میں تیز رفتار تبدیلی کے ابتدائی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ میکرون نے کہا کہ بھارت نے جس طرح ٹیکنالوجی کو عام شہری تک پہنچایا ہے، وہ عالمی برادری کے لیے قابلِ تقلید نمونہ ہے۔
اپنے خطاب میں فرانسیسی صدر نے گزشتہ دہائی کی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 10 سال قبل ممبئی کا ایک اسٹریٹ وینڈر، کاغذات اور نظام تک رسائی نہ ہونے کے باعث بینک اکاؤنٹ نہیں کھول سکتا تھا، لیکن آج وہی شخص موبائل فون کے ذریعے ادائیگیاں وصول کر رہا ہے۔ انہوں نے اس تبدیلی کو ٹیکنالوجی کے ذریعے سماجی شمولیت اور معاشی ترقی کی واضح مثال قرار دیا۔
بتا دیں کہ وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز قومی دارالحکومت میں واقع بھارت منڈپم میں انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026 کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس بین الاقوامی کانفرنس میں دنیا بھر سے 100 سے زائد ممالک کے نمائندوں، 20 سے زیادہ سربراہانِ مملکت اور 500 سے زائد اے آئی ماہرین نے شرکت کی، جس سے اسے عالمی سطح پر ایک تاریخی اجتماع قرار دیا جا رہا ہے۔ افتتاحی تقریب میں فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون، برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا، اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سمیت کئی اہم عالمی شخصیات موجود تھیں۔ اس کے علاوہ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان، سری لنکا کے صدر انورا کمارا دسانائیکے اور ماریشس کے وزیر اعظم نوین چندر رام غلام بھی شریک ہوئے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
