پہلگام میں دہشت گرد حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان شدید کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جب سے دہشت گردوں کو “مٹی میں ملا دینے” کی بات کہی ہے، پاکستان میں تشویش کی لہر ہے۔ پاکستان کی جانب سے مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ادھر بھارت نے واضح کر دیا ہے کہ فوج کو مکمل آزادی حاصل ہے، وہ اپنی مرضی سے کوئی بھی کارروائی کر سکتی ہے۔
پاکستانی فوجیوں نے جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر مختلف سیکٹرز میں بلا اشتعال چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ جاری رکھی، جس کا بھارتی فوج نے بھرپور جواب دیا ہے۔ حکام کے مطابق پاکستان نے مسلسل گیارہویں دن جموں و کشمیر کی ایل او سی پر فائرنگ کی ہے، اور بھارتی فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔ وزارت دفاع کے بیان کے مطابق 4 اور 5 مئی 2025 کی درمیانی شب، پاکستانی فوج کی چوکیوں نے جموں و کشمیر میں کپواڑہ، بارہمولہ، پونچھ، راجوری، مینڈھر، نوشہرہ، سندر بنی اور اکھنور کے سامنے والے علاقوں میں ایل او سی کے پار بلا وجہ چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ بیان میں کہا گیا کہ اس کے بعد بھارت نے زبردست جوابی کارروائی کی۔ اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے کئی ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ 7 مئی کو شہری دفاع کے لیے ایک مشق (موک ڈرل) کریں۔ موک ڈرل کے لیے درج ذیل اقدامات کیے جائیں گے:
فضائی حملے کی وارننگ دینے کے لیے سائرن
خود کو بچانے کیلئے شہریوں اور طلبہ کو شہری دفاع سے متعلق تربیت
اچانک بلیک آؤٹ (بجلی بند کرنے) کے اقدامات
اہم تنصیبات کو فوراً چھپانے کے انتظامات
انخلا کے منصوبے کا اپڈیٹ اور ریہرسل
پہلگام دہشت گرد حملے کی تحقیقات کرنے والی ایجنسیوں نے ایک بڑا انکشاف کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حملے میں شامل دہشت گردوں کو فوجی تربیت دی گئی تھی۔ جموں و کشمیر کی جیل میں قید لشکر طیبہ کے کارکنان سے پوچھ گچھ کی بنیاد پر تفتیشی ایجنسیوں کو اہم شواہد ملے ہیں۔ تفتیش کے دوران یہ بھی پتہ چلا ہے کہ پاکستانی اسپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) کمانڈوز سے تربیت یافتہ کمانڈر جموں و کشمیر میں سرگرم پاکستانی دہشت گردوں کی مدد کر رہے ہیں۔ خفیہ سیکیورٹی ایجنسی کے ذرائع کے مطابق ایسے 15 سے 20 ایس ایس جی سے تربیت یافتہ دہشت گرد کمانڈر وادی میں موجود ہیں، جو پاکستانی دہشت گردوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور کشمیر میں غیر ملکی دہشت گردوں کے چھوٹے گروہوں کی قیادت کر رہے ہیں۔ خفیہ ایجنسیوں کے مطابق اس کے پیچھے آئی ایس آئی کا مقصد زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانا ہے۔ سیکورٹی ایجنسیوں کے مطابق گگن گیر گاندربل جہاں 7 افراد مارے گئے، بوٹا پتھری جہاں فوجی قافلے پر حملہ ہوا، 2 فوجی شہید اور 2 پورٹر مارے گئے اور پہلگام دہشت گردانہ حملہ، ان تمام واقعات میں پاکستان آرمی کے اسپیشل سروس گروپ کمانڈوز کی شمولیت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


