ہریانہ اسمبلی انتخابات 2024 میں بی جے پی کی دوسری فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ پارٹی نے دوسری فہرست میں 21 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل پارٹی نے پہلی فہرست میں 67 امیدواروں کے نام جاری کیے تھے۔ اب مزید 21 امیدواروں کے ناموں کے ساتھ پارٹی نے اب تک 88 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ اب صرف 2 امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہونا باقی ہے۔ بی جے پی نے کیپٹن یوگیش بیراگی کو جولانہ سےونیش پھوگاٹ کے خلاف میدان میں اتارا ہے۔ بی جے پی نے اب تک پہلی اور دوسری فہرست میں 5 وزراء کے ٹکٹ منسوخ کیے ہیں۔ آپ کو بتا دیں کہ ہریانہ اسمبلی کی 90 سیٹوں پر 5 اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی۔ انتخابی نتائج 8 اکتوبر کو آئیں گے۔
بی جے پی نے ہریانہ انتخابات کے لیے امیدواروں کی دوسری فہرست میں 2 خواتین کو ٹکٹ دیا ہے۔ سونی پت کی رائے سیٹ سے ریاستی صدر موہن بدولی کی جگہ کرشنا گہلاوت کو موقع دیا گیا ہے۔ وہیں گروگرام کی پٹودی (ریزرو) سیٹ سے بملا چودھری کو میدان میں اتارا گیا ہے۔اس کے ساتھ ہی بی جے پی نے دو مسلم امیدواروں کو بھی میدان میں اتارا ہے۔ فیروز پور جھرک سے نسیم احمد پر بھروسہ جتا یا ہے ہے۔وہیں اعجاز خان کو پنہانہ سے ٹکٹ ملا ہے۔ جبکہ ہندو رہنما سنجے سنگھ کو مسلم اکثریتی نشست نوح سے امیدوار بنایا گیا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی نے دوسری فہرست میں کئی وزراء کے ٹکٹ منسوخ کر دیے ہیں۔ ریواڑی کی باول سیٹ سے وزیر بنواری لال کا ٹکٹ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ کرشنا کمار، جنہوں نے ہیلتھ ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، کو ان کی جگہ موقع دیا گیا ہے۔ فرید آباد کی بدکھل سیٹ سے وزیر تعلیم سیما تریکھ کا ٹکٹ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس سیٹ سے تریکھ کے بجائے دھنیش ادلکھا پر داؤ لگا یاگیا ہے۔کانگریس نے جولانہ سیٹ سے پہلوان ونیش پھوگاٹ کو میدان میں اتارا تھا۔ اب بی جے پی نے پھوگاٹ کے مقابلے میں کیپٹن یوگیش بیراگی کو ٹکٹ دیا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔