مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ۔
جموئی: مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ جمعہ کو پہلے مرحلے کی 121 نشستوں پر ہوئے بھاری ووٹنگ کے بعد جموئی پہنچے۔ یہاں انہوں نے راہل گاندھی اور لالو پرساد یادو کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے کے ووٹنگ فیصد کے بعد مہاگٹھ بندھن کا صفایا ہو گیا ہے۔
امت شاہ نے کہا کہ جموئی میں مہاگٹھ بندھن کے امیدواروں کو شکست دینی ہے، ان کا کھاتہ بھی نہیں کھلنا چاہیے۔ عوام سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں کی تمام چاروں نشستیں این ڈی اے کے حصے میں آنی چاہییں۔
نکسل ازم اور جنگل راج کا ذکر کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک سے نکسل ازم اور نتیش کمار نے بہار سے جنگل راج ختم کیا۔ اب بہار خوش انتظامی کے ذریعے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ بہار کی عوام نے انتخاب کے پہلے مرحلے میں ہی ڈنکے کی چوٹ پر اعلان کر دیا ہے کہ جنگل راج بھیس بدل کر، کپڑے بدل کر اور چہرہ بدل کر واپس آنا چاہتا ہے، مگر ہم اسے آنے نہیں دیں گے۔
عوام کو خبردار کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ اگر آپ سے ذرا سی بھی غلطی ہوئی تو دوبارہ جنگل راج واپس آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنگل راج کے دوران اورنگ آباد اور جموئی میں ان ہی لوگوں کا دباؤ رہتا تھا۔ بہار کے کچھ اضلاع ایسے تھے جہاں تین بجے تک ہی ووٹنگ ہوتی تھی، اس کے بعد ووٹنگ رک جاتی تھی۔ لیکن وزیر اعظم مودی نے نکسل ازم کو ختم کر دیا، اب شام پانچ بجے تک ووٹنگ جاری رہتی ہے۔
مرکزی وزیرِ داخلہ نے وزیر اعظم مودی کی عوامی فلاحی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کسان سمان ندھی یوجنا کے تحت اب تک 85 لاکھ کسانوں کو ہر سال چھ ہزار روپے بطور امداد دیے جا رہے ہیں۔ بہار میں اگلی این ڈی اے حکومت بننے پر کسانوں کو سالانہ نو ہزار روپے دیے جائیں گے۔
امت شاہ نے جموئی کے عوام کو یقین دلایا کہ روزگار کے مقصد سے یہاں پر شوگر مل قائم کی جائے گی۔ اس لیے دوسرے مرحلے میں بھی این ڈی اے کے امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی نے پچھلے دس برسوں میں بہار کے ہر کونے میں انفراسٹرکچر تیار کیا، سڑکیں، پل، بجلی کے کارخانے، گنے کی فیکٹریاں، ایتھنول اور کھاد کے پلانٹس لگا کر ترقی کا آغاز کیا۔ آنے والے پانچ سال بہار کو ترقی یافتہ ریاست بنانے کے سال ہوں گے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



