Bharat Express DD Free Dish

Economic Concerns: ایندھن، کھاد اور زرمبادلہ سب سے بڑے چیلنج، مغربی ایشیا کی صورتحال سے معیشت پر دباؤ، حکومت سپلائی چین کو محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم

وزیرخزانہ نرملا سیتارمن نے کہا ہے کہ اس بحران کے باعث ایندھن کی لاگت بڑھ سکتی ہے، کارگو کی ترسیل میں تاخیر ہوسکتی ہے، شپنگ مہنگی ہوسکتی ہے، خام مال کی قلت پیدا ہوسکتی ہے، ورکنگ کیپیٹل پر دباؤ بڑھ سکتا ہے اور برآمدی آرڈرز میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

نئی دہلی: نرملا سیتا رمن نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر ایندھن، کھاد اور سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور اتار چڑھاؤ ہندوستان کے لیے سب سے بڑا بیرونی معاشی چیلنج بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے سبب عالمی منڈی میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے، جس کے اثرات ہندوستانی معیشت پر بھی پڑ رہے ہیں۔ 37ویں SIDBI فاؤنڈیشن ڈے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ خام تیل کی بین الاقوامی قیمتیں مسلسل بدل رہی ہیں۔ ایک ہفتے میں ایک قیمت اور اگلے ہفتے دوسری قیمت سامنے آجاتی ہے، یہی صورتحال گزشتہ تقریباً 80 سے 90 دنوں سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس وقت تین بڑے دباؤ کا سامنا کر رہا ہے، جنہیں انہوں نے ’’تین ایف‘‘ یعنی Fuel، Fertilizer اور Forex قرار دیا۔ انہوں نے کہا: ’’ایندھن کی بڑھتی قیمتیں، کھاد کی عالمی قیمتوں میں اضافہ اور سونے کی مہنگی خریداری زرمبادلہ پر دباؤ ڈال رہی ہے۔ ان تمام ادائیگیوں کے لیے فارن ایکسچینج درکار ہوتا ہے، کیونکہ یہاں روپے میں تجارت نہیں ہوتی۔‘‘

مغربی ایشیا بحران کے معاشی اثرات

نرملا سیتا رمن نے کہا کہ مغربی ایشیا کی صورتحال صرف جغرافیائی سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ اس کے براہ راست معاشی اثرات بھی سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بحران کے باعث ایندھن کی لاگت بڑھ سکتی ہے، کارگو کی ترسیل میں تاخیر ہوسکتی ہے، شپنگ مہنگی ہوسکتی ہے، خام مال کی قلت پیدا ہوسکتی ہے، ورکنگ کیپیٹل پر دباؤ بڑھ سکتا ہے اور برآمدی آرڈرز میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ حکومت کی ترجیح شہریوں کا تحفظ، ایم ایس ایم ایز کی مدد، سپلائی چین کو جاری رکھنا اور معاشی استحکام برقرار رکھنا ہے۔

ہندوستانی معیشت اب بھی مضبوط

انہوں نے کہا کہ بیرونی دباؤ کے باوجود ہندوستان کی داخلی معیشت مضبوط اور مثبت ہے۔ ان کے مطابق 2025-26 میں جی ایس ٹی وصولی 22 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کرگئی۔ گھریلو ٹریکٹر فروخت میں 26 فیصد اضافہ ہوا۔ مسافر گاڑیوں کی فروخت میں 25 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض حلقے ہندوستان کی کامیابیوں کو کمزور دکھانے کی کوشش کرتے ہیں اور خوف پھیلانے والی منفی فضا بناتے ہیں، جو ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔

ٹیکس میں رعایت اور قرض سہولت

نرملا سیتا رمن نے بتایا کہ عالمی خام تیل کی قیمتوں کے اثرات سے عوام اور کاروبار کو بچانے کے لیے حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں 10 روپے فی لیٹر کی کمی کی تھی، جس سے سرکار کو ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کے ریونیو کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم ایز کے لیے Emergency Credit Liquidity Guarantee Scheme 5.0 کے تحت اضافی 2.55 لاکھ کروڑ روپے کے قرض کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، جس پر حکومت کی 100 فیصد گارنٹی ہوگی۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read