چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار
نئی دہلی: ’ووٹ چوری‘ کے اپوزیشن کے الزامات کے درمیان الیکشن کمیشن نے اتوار کے روز ایک پریس کانفرنس کی۔ ہندوستان کے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں سلوک کرتا ہے، کیونکہ ہر پارٹی کا جنم کمیشن میں رجسٹریشن سے ہوتا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ کمیشن کے لیے کوئی پارٹی یا اپوزیشن نہیں، تمام جماعتیں برابر ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے پریس کانفرنس کے دوران کہا، ’’قانون کے مطابق ہر سیاسی جماعت کا جنم الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن سے ہوتا ہے، تو الیکشن کمیشن ان سیاسی جماعتوں کے درمیان تفریق کیسے کر سکتا ہے؟ الیکشن کمیشن کے لیے کوئی پارٹی یا اپوزیشن نہیں، سب برابر ہیں۔ چاہے کسی بھی سیاسی جماعت کا کوئی بھی ہو، الیکشن کمیشن اپنے آئینی فرض سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’پچھلی دو دہائیوں سے، تقریباً تمام سیاسی جماعتیں ووٹر لسٹ میں غلطیوں کو درست کرنے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ اسی مطالبے کو پورا کرنے کے لیے، الیکشن کمیشن نے بہار سے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) شروع کیا ہے۔ SIR کے عمل میں، تمام ووٹرز، بوتھ لیول آفیسرز اور تمام سیاسی جماعتوں کے نامزد کردہ 1.6 لاکھ بی ایل اے نے مل کر ایک مسودہ فہرست تیار کی ہے۔‘‘ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے کہا، ’’آئین ہند کے مطابق، ہر ہندوستانی شہری جو 18 سال کی عمر کو پہنچ چکا ہے، اسے ووٹر بننا چاہئے اور ووٹ بھی دینا چاہئے۔‘‘
’’ووٹر لسٹ میں جن کے نام، وہی ڈالتے ہیں ووٹ ’’
گیانیش کمار نے اپوزیشن کی جانب سے میڈیا میں ووٹرز کی تصویریں دکھانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ’’ہم نے کچھ دن پہلے دیکھا کہ کئی ووٹروں کی تصاویر ان کی اجازت کے بغیر میڈیا کے سامنے پیش کی گئیں، ان پر الزام لگایا گیا، ان کا استعمال کیا گیا، کیا الیکشن کمیشن کو ووٹرز، ان کی ماؤں، بہوؤں یا بیٹیوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج شیئر کرنی چاہیے؟ ووٹر لسٹ میں جن کے نام ہوتے، وہی اپنے امیدوار کو الیکشن کے لیے ووٹ ڈالتے ہیں۔‘‘
’’ووٹروں کے ساتھ کھڑا رہے گا الیکشن کمیشن‘‘
انہوں نے کہا، ’’لوک سبھا انتخابات کے عمل میں، ایک کروڑ سے زیادہ ملازمین، 10 لاکھ سے زیادہ بوتھ لیول ایجنٹ، امیدواروں کے 20 لاکھ سے زیادہ پولنگ ایجنٹ انتخابات کے لیے کام کرتے ہیں، اتنے لوگوں کے سامنے اتنے شفاف عمل میں، کیا کوئی ووٹر ووٹ کی چوری کر سکتا ہے؟ کچھ ووٹروں کی طرف سے دوہری ووٹنگ کے الزامات لگائے گئے، ثبوت مانگنے پر جواب نہیں ملا۔ ایسے جھوٹے الزامات سے نہ الیکشن کمیشن ڈرتا ہے اور نہ ہی کوئی ووٹر ڈرتا ہے۔ جب الیکشن کمیشن کے کندھے پر بندوق رکھ کر ہندوستان کے ووٹروں کو نشانہ بنا کر سیاست کی جارہی ہے، ایسے میں الیکشن کمیشن آج سب پر واضح کرنا چاہتا ہے کہ ہم بے خوف ہوکرغریب، امیر، بوڑھے، خواتین اور نوجوانوں سمیت تمام طبقات اور تمام مذاہب کے ووٹروں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا تھا، کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔‘‘
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


