Bharat Express

Chhapra Clash: بہار کے چھپرہ میں دو پارٹیوں کے کارکنان کے درمیان فائرنگ، 1 ہلاک، انٹرنیٹ بند

بہار کے چھپرہ میں فائرنگ

چھپرہ فائرنگ: چھپرہ۔ سارن لوک سبھا سیٹ پر پیر کے روز ہوئی ووٹنگ کے اگلے دن منگل کی صبح چھپرہ کے کرپوری چوک پر بی جے پی اور آر جے ڈی کے درمیان پرتشدد تصادم میں 1 شخص کہ کی موت ہو گئی، جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ زخمیوں کو پٹنہ ریفر کر دیا گیا ہے۔ علاقے میں شدید کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ آر جے ڈی کارکنان نے سڑک بلاک کرکے ہنگامہ کیا۔ پورے علاقے میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ پولیس انتظامیہ کے تمام افسران موقع پر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ اس ہنگامے کے بعد ضلع میں دو دن سے انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی ہے۔ معلومات کے مطابق پولیس نے اس معاملے میں بی جے پی کارکنوں کو حراست میں بھی لیا ہے۔

تین لوگوں کو لگی گولی

واقعہ کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ منگل کی صبح چھپرہ شہر کے بھیکھری ٹھاکر چوک کے نزدیک پرائمری اسکول بڑا تلپا کے پاس بی جے پی اور آر جے ڈی کارکنوں کے درمیان پرتشدد جھڑپ ہوئی۔ دونوں طرف سے ایک دوسرے پر حملے شروع ہو گئے۔ اس دوران ایک فریق نے فائرنگ کی۔ اس فائرنگ میں تین افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ ایک شدید زخمی ہے۔

ووٹنگ کے دوران ہی بڑھا تھا تناؤ

دراصل، پیر کے روز ہی ووٹنگ کے دوران آر جے ڈی اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی، لیکن انتظامیہ نے کسی طرح پرامن طریقے سے انتخابات کرائے۔ دونوں پارٹیوں کے کارکنوں میں پیر کے روز اس وقت جھگڑا ہوا جب روہنی آچاریہ اور بھولا یادو اور لالو خاندان کے دیگر حامیوں کے ساتھ چھپرہ اسمبلی حلقہ کے بوتھ نمبر 118 اور 119 پر ووٹنگ ختم ہونے سے تقریباً آدھا گھنٹہ پہلے ہی پہنچ گئیں۔ اس کے بعد مقامی لوگوں نے زبردست ہنگامہ کھڑا کردیا۔ لوگوں کا الزام تھا کہ روہنی اچاریہ اپنے حامیوں کے ساتھ بوتھ چھاپنے آئی تھیں۔ بڑھتی ہوئی افراتفری کے درمیان، روہنی آچاریہ کسی طرح پولیس کی حفاظت میں وہاں سے نکل پائیں۔

علاقہ چھاؤنی میں تبدیل

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مادھورا کے سابق وزیر اور آر جے ڈی ایم ایل اے جتیندر رائے صدر اسپتال پہنچے اور معاملے کی جانچ شروع کی۔ اس واقعہ کے خلاف آر جے ڈی کارکنان کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی ہے۔ بھیکھری ٹھاکر چوک کو مکمل طور پر چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

حراست میں بی جے پی کارکن

پولیس نے اس پورے واقعہ میں بی جے پی کے ایک لیڈر کو حراست میں لے لیا ہے۔ بی جے پی لیڈر کا نام رماکانت سنگھ سولنکی بتایا جاتا ہے۔ وہ بی جے پی کی ریاستی ایگزیکٹو کے رکن ہیں۔ لوگوں کا مطالبہ ہے کہ انہیں گرفتار کیا جائے۔ وہ اس حوالے سے ہنگامہ برپا کر رہے ہیں۔ اس واقعہ کے پیچھے رماکانت سولنکی کو ذمہ دار بتایا جا رہا ہے۔ چھپرہ کے ایس پی ڈاکٹر گورو منگلا نے کہا ہے کہ امن برقرار رکھنے کے لیے ضلع میں انٹرنیٹ بند رکھا جائے گا۔

بھارت ایکسپریس۔