Bharat Express DD Free Dish

EC Asks for Affidavit; Rahul Gandhi Unveils Vote Adhikar Yatra: الیکشن کمیشن نے ’’ووٹ چوری‘‘ کا دعویٰ کرنے والوں سے مانگا ’’تحریری حلف نامہ‘‘، راہل گاندھی نے کیا ’’ووٹ ادھیکار یاترا‘‘ کا اعلان

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’یہ صرف انتخابی مسئلہ نہیں بلکہ جمہوریت، آئین اور ’ایک شخص، ایک ووٹ‘ کے اصول کا تحفظ ہے۔‘‘

الیکشن کمیشن نے ایک مرتبہ پھر ’’ووٹ چوری‘‘ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل کے خلاف جھوٹی کہانیاں گھڑنا ملک کے ووٹروں پر حملہ اور انتخابی عملے کی دیانت پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ کمیشن نے واضح کیا کہ ایک شخص کو صرف ایک ہی ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے اور اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے کہ کسی نے دو مرتبہ ووٹ دیا ہے تو وہ اسے تحریری حلف نامے کے ساتھ پیش کرے۔

واضح رہے کہ کمیشن کا یہ بیان راہل گاندھی کے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ’’ووٹ چوری‘‘ کے الزامات کے جواب میں آیا ہے۔ راہل گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ کرناٹکا کے بنگلور مرکزی لوک سبھا حلقے کے مہادیو پورہ اسمبلی حلقے میں ایک لاکھ سے زائد جعلی ووٹ ڈالے گئے تاکہ بی جے پی کو جیت دلائی جا سکے۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ’’1951-52 کے پہلے انتخابات سے ہی ’ایک شخص، ایک ووٹ‘ کا اصول نافذ ہے۔ اگر کسی کے پاس کسی شخص کے ذریعے دو مرتبہ ووٹ ڈالنے کا ثبوت ہے تو وہ اسے کمیشن کے سامنے تحریری حلف نامے کے ساتھ پیش کرے۔ تمام ووٹروں کو بغیر ثبوت کے ’چور‘ کہنا غلط اور انتخابی عملے کے وقار پر حملہ ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے کیا ’’ووٹ ادھیکار یاترا‘‘ کا اعلان

دریں اثنا دہلی میں یوتھ کانگریس کے کارکنان نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر ’’ووٹ چوری کمیشن‘‘ کے بینرز لگا کر اپوزیشن کے احتجاج کو مزید تیز کر دیا۔ وہیں راہل گاندھی نے ’’ووٹ ادھیکار یاترا‘‘ کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اس تحریک میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’’17 اگست سے ’ووٹ ادھیکار یاترا‘ کے ذریعے ہم بہار کی زمین سے ووٹ چوری کے خلاف براہ راست لڑائی شروع کر رہے ہیں۔‘‘

راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’’یہ صرف انتخابی مسئلہ نہیں بلکہ جمہوریت، آئین اور ’ایک شخص، ایک ووٹ‘ کے اصول کا تحفظ ہے۔ ہم ملک بھر میں صاف ووٹر لسٹ یقینی بنائیں گے۔ نوجوان، کارکن، کسان، ہر شہری اٹھے اور اس عوامی تحریک میں شامل ہو۔ اس بار ووٹ چوروں کی شکست، عوام کی فتح اور آئین کی جیت ہوگی۔‘‘

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read