Bharat Express

World Urdu Day 2024:عالمی یوم اردو کے موقع پر تقریب کا اہتمام، اردو صحافت کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹر خالد رضا خان کو ’’مولانا عبدالماجد دریابادی عالمی یومِ اردو ایوارڈ 2024 برائے صحافت‘‘ سے نوازا گیا

ڈاکٹر خالد رضا خان ملک کے مختلف میڈیا ہاؤس میں الیکٹرا نک، پرنٹ اور دورجدید میں غیرمعمولی اہمیت کی حامل ڈیجیٹل میڈیا میں اپنی شاندر صحافتی خدمات کی بنیاد پر صحافی حلقوں میں ممتاز ونمایاں مقام رکھتے ہیں۔ 

ڈاکٹر خالد رضا خان کو ’’مولانا عبدالماجد دریابادی عالمی یومِ اردو ایوارڈ 2024 برائے صحافت‘‘ سے نوازا گیا

نئی دہلی: شاعرمشرق علامہ اقبال کا آج یوم پیدائش ہے۔ دنیا کے عظیم شاعروں میں شمارکئے جانے والے فلسفی شاعرعلامہ اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ جو کہ آج موجودہ پاکستان کا حصہ ہے، میں  پیدا ہوئے۔ علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع  پر آج سے تقریباً 27 سال قبل ’عالمی یوم اردو’  منانے کی روایت قائم ہوئی۔  ہندوستان سمیت دنیا بھر میں اردو کے محبین اور ادب نوازوں کی جانب سے 9 نومبر کی تاریخ کو ’عالمی یوم اردو’ کے طورپر منا نے اورثقافتی تقاریب کے اہتمام کی روایت قائم ہے ۔ اس کے علاوہ قومی و بین الاقوامی سطح پر متعدد ادبی و ثقافتی تنظیموں کی جانب سے اردو زبان وادب کے فروغ کے لئے لائحہ عمل تیار کی جاتی ہیں۔

ادبی تقریب منعقد

عالمی یوم اردوکے موقع پرادبی تقاریب کے سلسلے کی ایک کڑی کے تحت آج غالب اکیڈمی،بستی حضرت نظام الدین نئی دہلی میں ’اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن’ اور’یونائیٹڈ مسلم آف انڈیا’ کی جانب سے ہرسال کی طرح امسال بھی 9 نومبر کو ایک  ادبی تقریب منعقد ہوئی۔ اس ادبی محفل کی صدارت ماہراقبالیات پروفیسر عبدالحق نے کی۔

ڈاکٹر خالد رضا خان کو ایوارڈ

واضح رہے کہ اردو ڈیولپمنٹ آرگنا ئزیشن اوریونائیٹڈ مسلم آف انڈیا ایک غیر سیاسی، ادبی اور ثقا فتی تنظیم ہے۔ مذکورہ ثقافتی تنظیموں کی جانب سے ہرسال ’عالمی یوم اردو’ کے پُر مسرت موقع پرجہاں ایک طرف تقاریب کے اہتمام کے ذریعہ اردو زبان و ادب کے فروغ کے لئے منصوبہ سازی اورحکمت علمی تیارکی جاتی ہے تو وہیں دوسری جانب اردو زبان و ادب کی خدمت میں مصروف مختلف شخصیات کو ان کے گرانقدر خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازتی ہے۔ اسی سلسلے میں آج بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک کے ایڈیٹر،گزشتہ دو دہائیوں سے اردو صحافت میں اپنی گرانقدر خدمات اور اردو زبان و ادب  کی ترقی و فروغ کے لئے کمربستہ ڈاکٹر خالد رضا خان کو ’’ مولانا عبدالماجد دریابادی عالمی یومِ اردو ایوارڈ 2024 برائے صحافت‘‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

صحافتی میدان میں نمایاں خدمات

واضح رہے کہ ڈاکٹر خالد رضا خان ملک کے مختلف میڈیا ہاؤس میں الیکٹرنک، پرنٹ اور دورجدید میں غیرمعمولی اہمیت کی حامل ڈیجیٹل میڈیا میں اپنی شاندر صحافتی خدمات کی بنیاد پر صحافی حلقوں میں ممتاز ونمایاں مقام رکھتے ہیں۔ صحافت میں ان کی اسی غیرمعمولی خدمات، کاوشوں اور جد و جہد کا اعتراف کر تے ہوئے اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن اوریونائیٹڈ مسلم آف انڈیا جیسی ادبی و ثقافتی تنظیموں کے ذمہ داران کی جانب سے انہیں اس باوقار اعزاز سے نوا زا گیا ہے۔

عالمی یوم اردو ایوارڈ کمیٹی کے ذمہ داران اورارکان کی جانب سے اردو زبان و ادب سے وابستہ معروف اور سرکردہ شخصیات، جیسے رسالہ سائنس کی دنیا،نئی دہلی کے سابق ایڈیٹرمحمد خلیل،دہلی یونیورسٹی شعبہ اردو میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر علی احمد،مولانا عبدالغفار صدیقی اور ڈاکٹر خالد رضا خان سمیت دیگرافراد کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔

بھارت ایکسپریس۔