دہلی حکومت کے وزیر کپل مشرا۔
نئی دہلی: دہلی حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے عوامی مقامات پر قربانی کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ دہلی حکومت کے وزیر کپل مشرا نے جمعہ کے روز اپنے سرکاری ’ایکس‘ ہینڈل پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے ان ہدایات کی جانکاری دی اور کہا کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ممنوعہ جانوروں کی قربانی غیر قانونی
کپل مشرا نے واضح کیا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر گائے، بچھڑے، اونٹ اور دیگر ممنوعہ جانوروں کی قربانی دینا مکمل طور پر غیر قانونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔
عوامی مقامات پر قربانی کی اجازت نہیں
دہلی حکومت کی جانب سے جاری اہم ہدایات کے مطابق عید الاضحیٰ کے دوران سڑکوں، گلیوں، پارکوں یا دیگر عوامی مقامات پر کسی بھی قسم کی قربانی کی اجازت نہیں ہوگی۔ قربانی صرف مقررہ اور مجاز مقامات پر ہی کی جا سکے گی۔ حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ قربانی کے بعد نکلنے والا خون، کچرا یا دیگر باقیات نالیوں، سیور لائنوں یا کسی عوامی مقام پر پھینکنا سختی سے ممنوع ہوگا۔
غیر قانونی مویشی بازاروں پر بھی پابندی
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ بازاروں میں غیر قانونی طور پر مویشیوں کی خرید و فروخت، سڑکوں پر عارضی جانور بازار لگانے اور جانوروں کی غیر قانونی اسمگلنگ پر بھی مکمل پابندی رہے گی۔ کپل مشرا نے کہا، ’’دہلی حکومت کی ترقیات وزارت نے عید الاضحیٰ کے لیے گائیڈلائنس جاری کیے ہیں۔ گائے، بچھڑوں اور ممنوعہ جانوروں کی قربانی غیر قانونی ہے۔ عوامی مقامات پر قربانی پر مکمل پابندی عائد ہے۔ نالیوں میں خون یا کچرا پھینکنا بھی منع ہے۔ قربانی صرف مقررہ جگہوں پر ہی ہونی چاہیے۔”
خلاف ورزی کی اطلاع دینے کی اپیل
وزیر نے دہلی کے عوام سے اپیل کی کہ اگر کوئی شخص ان ہدایات کی خلاف ورزی کرتا نظر آئے تو فوری طور پر دہلی پولیس یا دہلی حکومت کی ترقیات وزارت کو اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ تہوار کے روز پُرامن اور قانون کے دائرے میں رہ کر منایا جانا چاہیے۔ کپل مشرا نے تمام شہریوں کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد بھی پیش کی۔
سختی سے عمل درآمد کی تیاری
دہلی پولیس اور دہلی حکومت کی ترقیات وزارت ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرانے کے لیے تیار ہیں۔ گزشتہ برسوں میں بھی عید الاضحیٰ کے دوران عوامی مقامات پر قربانی اور صفائی سے متعلق کئی شکایات سامنے آئی تھیں، جس کے بعد حکومت نے اس بار پہلے ہی سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


