(فائل فوٹو)
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کے روز اعلان کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ کے موقع پر دہلی حکومت 75 عوامی فلاحی اسکیمیں اور ترقیاتی منصوبے شروع کرے گی۔ انھوں نے یہ اعلان ان ’’توہین آمیز بیانات‘‘ کی مذمت کے ساتھ کیا جو حال ہی میں وزیر اعظم مودی اور ان کی مرحومہ والدہ کے خلاف اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے کیے گئے۔ ریکھا گپتا نے کہا کہ ’’اس سال 17 ستمبر سے 2 اکتوبر تک، وزیر اعظم مودی کی سالگرہ کے موقع پر دہلی حکومت 75 عوامی منصوبے، فلاحی اسکیمیں، افتتاحی تقاریب اور سنگ بنیاد کے پروگرام شروع کرے گی۔ یہ تمام وہ کام ہوں گے جو دہلی میں سالوں سے التوا کا شکار تھے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبے ان لوگوں کے لیے ’’مناسب جواب‘‘ ہوں گے جو ملک کے وزیر اعظم اور ان کی والدہ کی تضحیک کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’جو لوگ دن رات ملک کے لیے کام کرنے والے وزیر اعظم کی توہین کرتے ہیں، انھیں یہ عوامی خدمت کا پیغام ایک موثر جواب دے گا۔‘‘ واضح رہے کہ بی جے پی نے حالیہ دنوں اپوزیشن جماعتوں پر الزام لگایا ہے کہ انھوں نے بہار میں ایک سیاسی جلسے کے دوران وزیر اعظم اور ان کی والدہ کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی۔ اپوزیشن نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی ان معاملات کو اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
وزیر اعظم مودی نے بھی منگل کو بہار کے ایک پروگرام میں ان الزامات کا ذکر کرتے ہوئے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میری والدہ کو جو گالیاں دی گئیں، وہ صرف میری ماں کی نہیں بلکہ ملک کی تمام ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی توہین ہے۔‘‘ پی ایم مودی نے مزید کہا کہ ان کی والدہ کا سیاست سے کوئی تعلق نہ تھا، اور وہ 100 سال کی عمر میں وفات پا چکی ہیں اس کے باوجود انھیں سیاسی جلسے میں نشانہ بنایا گیا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


