وزیر اعظم نریندر مودی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دہلی اسمبلی میں ایک خصوصی نمائش بعنوان ’’اپنے وزیر اعظم کو جانیں‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ نمائش وزیر اعظم کی زندگی اور ان کے سیاسی سفر کو اجاگر کرے گی اور 2 اکتوبر 2025 تک ودھان سبھا کے احاطے میں عوام کے لیے کھلی رہے گی۔ اسمبلی اسپیکر وجیندر گپتا نے بتایا کہ یہ نمائش محض ایک فرد کی کامیابی کا جشن نہیں بلکہ ایک ایسے قائد کو خراج تحسین ہے جس کا وژن اور خدمت نئی بھارت کی کہانی سے جڑا ہوا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی کا سفر عام پس منظر سے لے کر ملک کے اعلیٰ ترین عہدے تک پہنچنے کی ایک مثال ہے جو ہندوستانی جمہوریت کی روح کی عکاسی کرتی ہے، جہاں قیادت محنت اور عوام پر ایمان سے حاصل کی جاتی ہے۔
اس نمائش کے ساتھ ساتھ اسمبلی کی لائبریری میں وزیر اعظم کے نام ایک خصوصی کتاب گیلری بھی قائم کی جائے گی، جس میں ان کی سوانح حیات، اہم تقاریر، ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘، ’من کی بات‘ اور ان کی پالیسیوں و بین الاقوامی مشغولیات پر مبنی کتابیں شامل ہوں گی۔ یہ اقدام قانون سازوں اور محققین کو وزیر اعظم کی سوچ اور خدمات کو سمجھنے میں مدد فراہم کرے گا۔ نمائش کے دوران وزیر اعظم کی مہم ’’ایک پیڑ ماں کے نام‘‘ کے تحت اسمبلی کیمپس میں درخت لگانے کی مہم بھی چلائی جائے گی، جو پائیداری، ترقی اور آنے والی نسلوں کے لیے ذمہ داری کی علامت ہوگی۔
اسپیکر گپتا نے تمام ایم ایل ایز کو دعوت دی ہے کہ وہ عوام کو نمائش دیکھنے کی ترغیب دیں تاکہ وہ وزیر اعظم کے متاثر کن سفر اور ان کے وژن کو قریب سے سمجھ سکیں۔ دریں اثنا وزیر اعظم مودی کے 75ویں یوم پیدائش کے موقع پر سیوا پکھوڑا کی 15 روزہ قومی مہم کا آغاز بھی ہوگا، جس میں بی جے پی ملک بھر میں خون کے عطیات کیمپ، صفائی مہمات اور نمائشیں منعقد کرے گی تاکہ مرکزی حکومت کی کامیابیوں کو اجاگر کیا جا سکے۔ مرکزی وزیر بھوپندر یادو نے اعلان کیا کہ یہ مہم 17 ستمبر سے 2 اکتوبرتک، یعنی وزیر اعظم کی سالگرہ سے شروع ہو کر گاندھی جینتی پر ختم ہوگی۔ بی جے پی نے نیشنل جنرل سیکرٹری سنیل بنسل کو اس مہم کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا ہے جو ملک بھر میں پارٹی لیڈروں کے ساتھ رابطہ کاری کے ذمہ دار ہوں گے۔ وزراء، ایم پیز، ایم ایل ایز اور دیگر لیڈران کو بھی اپنے اپنے علاقوں میں پر پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



