شمالی ہند اس وقت شدید سردی اور شیت لہر کی لپیٹ میں ہے۔ بھارتی محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں تک سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ راجستھان کے کئی علاقوں میں کڑاکے کی سردی ریکارڈ کی گئی ہے، جب کہ اتر پردیش، مغربی بنگال، بہار اور جھارکھنڈ میں ہڈیوں میں اتر جانے
والی سردی لوگوں کو سخت مشکلات میں ڈال رہی ہے۔ چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں بھی شیت لہر کا اثر بدستور قائم ہے۔دارالحکومت دہلی میں کم سے کم درجۂ حرارت پانچ ڈگری سیلسیس تک گرنے کا امکان ہے۔ اسی پیش نظر محکمۂ موسمیات نے کولڈ ڈے الرٹ جاری کیا ہے۔ دہلی کے ساتھ ساتھ گروگرام، غازی آباد، نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا میں بھی یلو الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ صبح کے اوقات میں گھنے کوہرے کے باعث ٹریفک کی رفتار سست رہنے کا اندیشہ ہے۔
محکمۂ موسمیات کی تازہ رپورٹ کے مطابق اتراکھنڈ کے کئی علاقوں میں درجۂ حرارت صفر سے پانچ ڈگری سیلسیس کے درمیان درج کیا گیا ہے۔ دہلی، پنجاب، راجستھان، مغربی بنگال، ہریانہ، اتر پردیش، بہار، مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ اور شمال مشرقی ریاستوں میں پارہ پانچ سے دس ڈگری سیلسیس کے درمیان بنا ہوا ہے۔ راجستھان، پنجاب اور اتر پردیش کے بعض حصوں میں گھنے کوہرے کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس سے سڑک اور ریل آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے۔پہاڑی علاقوں میں جاری برف باری کا اثر اتر پردیش میں واضح طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ریاست کے بیشتر اضلاع میں یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں اور پچیس سے زائد شہروں میں شیت لہر برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ لکھنؤ، ایودھیا، بارہ بنکی، کانپور اور چترکوٹ سمیت کئی اضلاع میں گھنے کوہرے کی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
بہار میں بھی سردی اور کوہرے کا زور مسلسل بڑھ رہا ہے۔ پٹنہ سمیت کئی اضلاع میں گھنے کوہرے کے ساتھ پالا پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ نیپال کے پہاڑی اور ترائی علاقوں سے آنے والی سرد ہواؤں کے سبب پٹنہ، گیا، سمستی پور، مظفرپور اور سہرسہ میں کپکپاتی سردی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔ عوام کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

