نئی دہلی: اتر پردیش اسمبلی میں بدھ کو پیش کیے جانے والے بجٹ سے قبل وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ’نئے بھارت کا نیا اتر پردیش‘ ترقی اورخوشحالی کے ایک غیرمعمولی عشرے کا گواہ بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تیزی سے مضبوط، خود کفیل اور خوشحال اترپردیش کی سمت آگے بڑھ رہی ہے۔ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پراپنے بیان میں لکھا کہ وزیراعظم نریندرمودی کی رہنمائی میں نیا اترپردیش بہترطرزِحکمرانی، ہمہ گیر ترقی اورعوامی فلاح کی پالیسی کے تحت مسلسل پیش رفت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش اسمبلی میں پیش کیا جانے والا مالی سال 2026-2027 کا بجٹ ’خود کفیل، ترقی یافتہ اترپردیش‘ کے عزم کو نئی سمت، نئی توانائی، واضح پالیسی وژن اور مضبوط عملی منصوبہ فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بجٹ ریاست کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے ہدف کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
سی ایم یوگی نے کہا کہ اس بجٹ میں غریب کے وقار، نوجوان کے خود اعتمادی، خواتین کی طاقت اور کسانوں کی خوشحالی کو مرکز میں رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ بجٹ ’ترقی یافتہ بھارت-2047‘ کے خواب کو پورا کرنے اور نئے اتر پردیش کے روشن مستقبل کی مضبوط بنیاد ثابت ہوگا۔ایک اور پوسٹ میں وزیر اعلیٰ نے لکھا کہ عوام کے بے پناہ اعتماد اور آشیرواد کے نتیجے میں ان کی حکومت آج مسلسل دسویں بار اتر پردیش اسمبلی میں ہمہ گیرترقی کا بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2026-2027 کا یہ بجٹ ریاست کے 25 کروڑ عوام کی امیدوں اور خواہشات کے تئیں حکومت کی وابستگی کا ایک دہائی پر محیط ثبوت ہے۔
بدھ کے روز ریاست کے وزیرخزانہ سریش کھنہ بجٹ پیش کریں گے، جو وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی حکومت کا دسواں بجٹ ہوگا۔ بجٹ پیش کیے جانے سے قبل صبح 11 بجے سی ایم یوگی کی صدارت میں کابینہ اجلاس منعقد ہوگا، جس میں بجٹ کو منظوری دی جائے گی۔بعد ازاں وزیر خزانہ سریش کھنہ اسمبلی میں جبکہ نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ قانون ساز کونسل میں بجٹ پیش کریں گے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس بار اتر پردیش حکومت کا بجٹ 9 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر سکتا ہے، جس میں عام لوگوں کے لیے کئی اہم اعلانات بھی شامل ہونے کا امکان ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

