رتناگری (مہاراشٹر): بھارت کے چیف جسٹس بھوشن رام کرشن گوئی نے مہاراشٹر کے ساحلی ضلع رتناگیری کے منڈنگڑمیں نئے کورٹ کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس، نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے، بامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس چندرشیکھر، ریاستی وزیر ادے سامنت، جسٹس مادھو جامدار، سینئرججوں اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے اور ان کی زندگی کے اہم لمحات کو ظاہر کرنے والی دیواری تصویروں (Murals) کی نقاب کشائی بھی چیف جسٹس گوئی نے کی۔
دیہی انصاف کے فروغ کی سمت میں قدم
نیا کورٹ کمپلیکس مہاراشٹر کے دیہی علاقوں میں انصاف کی آسان رسائی کے لیے ایک بڑا قدم سمجھا جا رہا ہے۔ اس میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ عدالتیں، ڈیجیٹل سہولیات اور بڑھتی ہوئی عدالتی ضروریات کے مطابق بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا گیا ہے۔ اپنے خطاب میں چیف جسٹس گوئی نے کہا: ’’یہ ملک جنگ اور امن دونوں میں متحد رہا ہے۔ ہم نے ایمرجنسی کا زمانہ دیکھا، مگر ملک مضبوط رہا۔ یہ سب ڈاکٹر امبیڈکر کے دستور کی بدولت ممکن ہوا۔‘‘ انہوں نے عدالتی نظام کے استحکام کے لیے اختیارات کی تقسیم کے باوجود انتظامیہ کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
ریاستی حکومت کا شکریہ
چیف جسٹس گوئی نے کہا کہ منڈنگڑ عدالت کمپلیکس کا صرف دو سال میں مکمل ہونا ریاستی حکومت کی مؤثر کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا ’’یہ صرف ایک عمارت نہیں بلکہ عدالتی خواب کی تعبیر ہے، جو انصاف کی فراہمی کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔‘‘ انہوں نے ناندیڑ، ناگپور، کولہاپور اور دریاپور میں نئے کورٹ کمپلیکس کے قیام پر بھی اطمینان ظاہر کیا۔
ڈاکٹر امبیڈکر کی وراثت کو خراج
منڈنگڑ کا خصوصی تعلق ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے آبائی گاؤں امبڈوے سے ہے۔ چیف جسٹس گوئی نے کہا کہ یہ عدالت کمپلیکس ڈاکٹر امبیڈکر کے اس وژن کو حقیقت میں بدلتا ہے جس میں حاشیے پر رہنے والے طبقات کو انصاف اور مساوات کی ضمانت دی گئی تھی۔
عوامی جوش و امید
اس موقع پر وکلاء سرکاری عہدیداروں، شہری تنظیموں اور مقامی عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سبھی نے اسے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا جو آئندہ نسلوں کے لیے انصاف اور مساوات کی علامت بنے گا۔ یہ نیا کورٹ کمپلیکس نہ صرف رتناگری اور مضافاتی علاقوں میں انصاف کی فراہمی کو تیز کرے گا بلکہ ڈاکٹر امبیڈکر کے آئینی نظریات کو زندہ رکھنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
