Urdu Conclave 2026

Pollution was under control before festival: ’’دیوالی سے قبل دارالحکومت میں کنٹرول میں رہی آلودگی‘‘ وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے دہلی والوں کا ادا کیا شکریہ!

اگرچہ حکومت کے اقدامات سے دیوالی سے قبل آلودگی قابو میں تھی، لیکن دیوالی کے بعد دارالحکومت دہلی منگل کی صبح گھنے دھوئیں اور اسموگ کی لپیٹ میں آ گئی۔ گرین پٹاخے کے استعمال کے بعد بھی دہلی مکمل طور پر گیس چیمبر کا نظارہ پیش کررہی ہے۔

دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا۔ (فائل فوٹو)

نئی دہلی: دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کے روز کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر قیادت حکومت کے مؤثر اقدامات کی بدولت دیوالی سے قبل قومی دارالحکومت میں آلودگی کی سطح قابو میں رہی۔ وزیراعلیٰ دفتر (سی ایم او) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ریکھا گپتا نے دہلی کے عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیا اور سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سبز پٹاخوں (Green Firecrackers) کا استعمال کیا، جس سے آلودگی کی سطح میں کمی برقرار رہی۔

اس بار دہلی کا ماحول خوشگوار اور تبدیل نظر آیا

وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ دیوالی سے پہلے کے دنوں اور تہوار کے موقع پر دہلی کا ماحول ایک نئی روح اور تازگی کے ساتھ تبدیل محسوس ہوا۔ انہوں نے کہا، ’’دہلی کے عوام نے محسوس کیا کہ اس بار ایک ایسی حکومت ہے جو سناتن روایتوں کا احترام کرتے ہوئے عوام کی موجودہ ضروریات اور جذبات کو بھی سمجھتی ہے۔ دہلی کے شہریوں نے اعتماد کے ساتھ دیوالی کا جشن منایا۔‘‘

سابق حکومتوں پر تنقید، مؤثر حکمت عملی کی کمی کا الزام

وزیراعلیٰ نے سابق حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ آلودگی کے خلاف کوئی پائیدار اور مؤثر حکمت عملی نافذ کرنے میں ناکام رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات برسوں کے دوران دہلی کے عوام یہ طے نہیں کر پاتے تھے کہ وہ دیوالی جیسے تہوار کو کس طرح منائیں۔ ریکھا گپتا کے مطابق، ’’سپریم کورٹ نے اگرچہ بڑھتی آلودگی کے سبب پٹاخوں پر کچھ پابندیاں لگائی تھیں، لیکن اس وقت کی حکومت نے عملی اقدامات کے بجائے صرف ایک مکمل پابندی (Blanket Ban) نافذ کر دی جس سے عوام میں الجھن پیدا ہوئی۔‘‘

اس بار دہلی نے صاف اور محفوظ دیوالی منائی

ریکھا گپتا نے کہا کہ کئی برسوں بعد دہلی کے عوام نے ایک صاف اور محفوظ دیوالی منائی جس نے ان کے دل کو خوشی سے بھر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت آغاز ہی سے آلودگی کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

دھول اور فضائی آلودگی کے خلاف عملی اقدامات

ریکھا گپتا نے بتایا کہ دہلی حکومت نے فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے ہیں۔ ان کے مطابق شہر میں 1000 واٹر اسپرنکلرز اور 140 اینٹی اسموگ گنز تعینات کی گئی ہیں تاکہ ہوا میں موجود گردوغبار اور دھول کم کی جا سکے۔ اسی طرح 70 مکینیکل سوئیپر مشینیں اور جدید Super Sucker مشینیں سڑکوں کی صفائی کے لیے استعمال کی جا رہی ہیں۔ تعمیراتی اور انہدامی مقامات پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ دھول کنٹرول ضوابط پر مکمل عمل درآمد ہو۔

دیوالی کے بعد دہلی کی فضا ہوئی زہریلی

اگرچہ حکومت کے اقدامات سے دیوالی سے قبل آلودگی قابو میں تھی، لیکن دیوالی کے بعد دارالحکومت دہلی منگل کی صبح گھنے دھوئیں اور اسموگ کی لپیٹ میں آ گئی۔ گرین پٹاخے کے استعمال کے بعد بھی نہ جانے کیوں دہلی مکمل طور پر گیس چیمبر کا نظارہ پیش کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے عوام کو مبارکباد ضرور دی ہے لیکن اس مبارکباد کو کس تناظر میں دیکھا جائے یہ دہلی والوں کی سمجھ سے باہر ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (CPCB) کے مطابق دہلی کا مجموعی ایئرکوالٹی انڈیکس (AQI) شام چار بجے تک 351 ریکارڈ کیا گیا جو کہ ’انتہائی خراب‘ (Very Poor) زمرے میں آتا ہے۔ زیادہ تر مانیٹرنگ مراکز کو آلودگی کے ’ریڈ زون‘ میں درج کیا گیا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read