وزیر اعظم نریندر مودی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر بدھ کے روز دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر ان کی تصاویر اور مبارکبادی کے پیغامات روشن کیے گئے۔ دبئی کے افق پر جگمگاتی یہ روشنی نہ صرف پی ایم مودی کی شخصیت کو خراجِ تحسین تھی بلکہ بھارت اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان بڑھتے ہوئے دوستانہ تعلقات کا مظہر بھی تھی۔ اس کے قبل دن کے آغاز میں یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پی ایم مودی کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ اپنے پیغام میں انھوں نے لکھا کہ ’’نریندر مودی کو سالگرہ کی دلی مبارکباد۔ میں آپ کی مسلسل صحت، خوشی اور بھارت کی ترقی و خوش حالی میں مزید کامیابی کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘
واضح رہے کہ پی ایم مودی کی سالگرہ کے موقع پر دنیا بھر سے مبارکبادی پیغامات کا سلسلہ جاری رہا۔ عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے سربراہ نے بھی اپنے پیغام میں مودی کی قیادت کو سراہا۔ انھوں نے لکھا کہ ’’75ویں سالگرہ مبارک ہو وزیر اعظم مودی! آپ کی قیادت متاثرکن ہے۔ اپنی سالگرہ کے دن بھی آپ نے خواتین کی صحت کے فروغ کے لیے ایک اہم مہم کا آغاز کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔‘‘
دریں اثنا برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم نے بھی ماحولیاتی تحفظ کے جذبے کے تحت مودی کو ایک ’کدم‘ کا درخت تحفے میں بھیجا۔ برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق یہ اقدام وزیر اعظم مودی کی ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ مہم سے متاثر ہو کر کیا گیا، جو ماحول دوستی کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ اس موقع پر روسی صدر ولادیمیر پوتن، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے بھی نریندر مودی کو ان کی سالگرہ پر نیک خواہشات پیش کیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ملک و بیرونِ ملک سے ملنے والی محبت اور دعاؤں پر وہ بے حد شکر گزار ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



