Bharat Express DD Free Dish

BJP Leader Rajendra Rathore Recite First Kalmia: بہو کو جتانے کے لیے بی جے پی کے سینئر لیڈر راجندر راٹھوڑ نے پڑھا کلمہ، سیاسی حلقوں میں مچا ہنگامہ

راجستھان کے چورو میں انتخابی جلسے کے دوران کہا ’لا الٰہ الا اللہ محمد رسول اللہ‘، بی جے پی کے ریاستی صدر مدن راٹھوڑ نے کلمہ پڑھنے کی بات سے کیا انکار

 بی جے پی کی ہندوتوا کی سیاست کرنے والے لیڈر اب انتخابی مہم میں کلمہ پڑھتے نظر آ رہے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ راجستھان کے چورو میں سامنے آیا، جہاں بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سات مرتبہ رکن اسمبلی رہ چکے راجندر راٹھوڑ نے اپنی بہو کو ضلع پریشد کا انتخاب جتانے کے لیے ایک جلسے میں ’لا الٰہ الا اللہ محمد رسول اللہ‘ پڑھا۔ ان کے اس بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں بحث شروع ہوگئی ہے۔ معاملہ بڑھنے پر بی جے پی کے ریاستی صدر مدن راٹھوڑ کو صفائی دینے کے لیے سامنے آنا پڑا اور انہوں نے اسے کلمہ ماننے سے انکار کردیا۔ دراصل راجستھان میں ضلع پریشد کے انتخابات کو لے کر سیاسی سرگرمیاں تیز ہیں۔ تمام جماعتیں اور امیدوار کامیابی کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں راجندر راٹھوڑ چورو کے پیتھیسر گاؤں پہنچے، جہاں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری صرف ایک گزارش ہے کہ خدا ایک ہے، بھگوان ایک ہے۔۔۔ لا الٰہ الا اللہ محمد رسول اللہ۔

راجندر راٹھوڑ کے یہ الفاظ سنتے ہی جلسے میں موجود لوگوں نے تالیاں بجا کر ان کی حمایت میں نعرے لگائے۔ واضح رہے کہ ’لا الٰہ الا اللہ محمد رسول اللہ‘ اسلام کا پہلا کلمہ ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور حضرت محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں۔ راجندر راٹھوڑ نے اپنے خطاب میں مہاتما گاندھی کے مشہور دعائیہ گیت کی سطریں بھی پڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ایشور اللہ تیرو نام، سب کو سَدھ بدھی دے بھگوان‘۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کوئی ذات پات نہ پوچھے، جو ہری کو بھجے وہ ہری کا ہوجائے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک ہیں اور ہماری رگوں میں دوڑنے والا خون بھی ایک ہی ہے۔ مجھے یہ کہتے ہوئے کوئی جھجک نہیں کہ میں نے آج تک صرف انسانیت اور محبت پھیلائی ہے، کبھی نفرت نہیں پھیلائی۔

بہو کنیکا سنگھ نے بھی کیا تھا ’السلام علیکم‘ کہہ کر استقبال

راجندر راٹھوڑ کی بہو کنیکا سنگھ نے بھی اس سے پہلے ایک انتخابی جلسے میں لوگوں کا استقبال ’السلام علیکم‘ کہہ کر کیا تھا۔ وہ چورو ضلع پریشد کے وارڈ نمبر 23 سے انتخاب لڑ رہی ہیں۔ اس وارڈ میں بڑی تعداد میں قائم خانی مسلم ووٹر موجود ہیں۔ کنیکا سنگھ کے علاوہ راجندر راٹھوڑ کے بیٹے اور بی جے پی لیڈر پراکرم راٹھوڑ بھی ضلع پریشد کا انتخاب لڑ رہے ہیں۔ وہ وارڈ نمبر 39 سے امیدوار ہیں۔

مدن راٹھوڑ بولے، یہ کلمہ نہیں ہے

راجندر راٹھوڑ کے بیان پر سوالات اٹھنے کے بعد بی جے پی کے ریاستی صدر مدن راٹھوڑ نے ان کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کلمہ نہیں ہے۔ کلمہ الگ چیز ہے۔ لوگوں کو اس کی معلومات نہیں ہے، اسی لیے وہ اسے کلمہ کہہ رہے ہیں۔ مدن راٹھوڑ نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ کلمہ کیا ہے اور اس کا ایک ایک لفظ یاد ہے۔ یہ بالکل بھی کلمہ نہیں تھا۔ میں یہ تو نہیں کہہ سکتا کہ راجندر جی کو کلمہ یاد ہے یا نہیں، لیکن مجھے کلمہ یاد ہے۔

کانگریس نے بی جے پی کو بنایا نشانہ

اس معاملے پر کانگریس نے بھی بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس کے ترجمان سورنِم چترویدی نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کی نظریات پر مبنی سیاست سماج کو تقسیم کرنے والی ہے، لیکن ووٹ حاصل کرنے کے لیے اب وہ مہاتما گاندھی کے بھجن پڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کسی اقلیتی امیدوار کو ٹکٹ تک نہیں دیتی۔ لوگ بی جے پی کے ارادوں کو سمجھ چکے ہیں اور سماج کو تقسیم کرنے والی نظریات کے خلاف ووٹ دیں گے۔

کون ہیں راجندر راٹھوڑ؟

راجندر راٹھوڑ راجستھان کی سیاست کے سینئر لیڈرؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ 1990 سے 2023 کے درمیان مسلسل سات مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ انہوں نے پہلی مرتبہ 1990 میں جنتا دل کے ٹکٹ پر چورو اسمبلی حلقے سے کامیابی حاصل کی تھی۔اس کے بعد انہوں نے 1993، 1998، 2003، 2008، 2013 اور 2018 میں بی جے پی کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی۔ انہیں راجستھان کی سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے کا قریبی لیڈر بھی مانا جاتا ہے۔ وہ 2013 سے 2018 تک راجستھان حکومت میں کابینہ وزیر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read