Bharat Express DD Free Dish

‘سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 151ویں یومِ پیدائش پر”بھارت بھارتی‘‘ کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد، مرکزی وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک’

ملکی موجودہ سیاسی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے یہ بھی کہا کہ بعض عناصر ملک میں اقتدار کی تبدیلی چاہتے ہیں، تاہم جمہوریت میں حکومتیں عوام کا اعتماد حاصل کرکے اور عوامی رائے کی بنیاد پر تشکیل پاتی ہیں، نہ کہ تشدد اور انتشار کے ذریعہ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہندوستان کے اتحاد اور سالمیت کو چیلنج کرنے والوں کو سردارپٹیل کی تاریخ اور ان کی قومی خدمات فراموش نہیں کرنی چاہئیں۔

نئی دہلی: ملک کے پہلے نائب وزیرِاعظم اورمردِآہن بھارت رتن سردارولبھ بھائی پٹیل کی 151ویں یومِ پیدائش کے موقع پربھارت بھارتی دہلی کی جانب سے راجدھانی کے پنجابی باغ میں ایک شاندارقومی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مرکزی وزیرِدفاع راجناتھ سنگھ نے بطورمہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پرقومی یکجہتی،ملکی اتحاد، سماجی ہم آہنگی اورقومی تعمیرکے عزم کواجاگرکیا گیا۔ دراصل یہ خاص تقریب شیاما پرساد مکھرجی مہیلا کالج، پنجابی باغ میں منعقد ہوئی، جس میں دہلی میں مقیم ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے 1200سے زائدافراد اور40 سابق فوجیوں نے اپنی اپنی روایتی پوشاکوں میں شرکت کرکے قومی یکجہتی اورثقافتی تنوع کی خوبصورت تصویرپیش کی۔

تقریب کا آغازشمع روشن کرکے کیا گیا، جس کے بعد قومی نغمہ ’وندے ماترم‘ پیش کیا گیا۔ اس موقع پراین سی سی کیڈٹس نے وزیرِدفاع راجناتھ سنگھ کوگارڈآف آنرپیش کیا۔ تقریب میں شریک تمام معززمہمانوں کی گلپوشی، شال اور یادگاری نشانات پیش کرکے عزت افزائی کی گئی۔ تقریب کے دوران وزیرِدفاع راجناتھ سنگھ نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ سردارولبھ بھائی پٹیل کے نزدیک قومی یکجہتی کا مفہوم محض ریاستوں کا انضمام نہیں تھا، بلکہ سماج میں بھائی چارے، مساوات اورباہمی ہم آہنگی کا قیام بھی ان کے تصورِقومیت کا بنیادی حصہ تھا۔ انہوں نے مذہب اورذات پات کے امتیازات سے بالاترہوکرہرہندوستانی کے احترام اورسماجی ہم آہنگی کا پیغام دیا۔ ان کے یہ نظریات آج بھی’سب کا ساتھ، سب کاوکاس، سب کا وشواس اورسب کا پریاس‘ کے عزم میں نمایاں طورپردکھائی دیتے ہیں۔

راجناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ سردارپٹیل نے ہندوستان کے اتحاد اورسالمیت کومستحکم بنیادیں فراہم کیں، لیکن ایک طویل عرصے تک ان کی عظیم خدمات اورتاریخی ورثے کووہ مقام اوراعتراف نہیں مل سکا، جس کے وہ مستحق تھے۔ وزیرِاعظم نریندرمودی نے مجسمۂ اتحاد، قومی یومِ یکجہتی اورملک گیرتقریبات کے ذریعے سردارپٹیل کی خدمات کونئی شناخت اورمناسب وقارعطا کیا۔ ان کے بقول، ’’سردارپٹیل کا احترام دراصل ہندوستان کا احترام ہے۔‘‘ وزیرِ دفاع نے یہ بھی کہا کہ سردارپٹیل کے نزدیک عہدہ اوراقتدار سے زیادہ اہمیت ملک کی خدمت کوحاصل تھی۔ ان کا تصورتھا کہ ایک مضبوط اورخود کفیل ملک کی تعمیرکیلئے معاشی خودانحصاری اورنجی شعبے کی شراکت داری ناگزیرہے، وزیرِاعظم نریندرمودی کی قیادت میں ہندوستان نے اسی وژن کوآگے بڑھاتے ہوئے دفاعی پیداوارکے شعبے میں نمایاں ترقی کی ہے۔ آج ہندوستان نہ صرف اپنی دفاعی ضروریات پوری کررہا ہے بلکہ 100 سے زائد ممالک کو دفاعی سازوسامان بھی برآمد کررہا ہے۔

ملکی موجودہ سیاسی صورتحال کا ذکرکرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے یہ بھی کہا کہ بعض عناصرملک میں اقتدارکی تبدیلی چاہتے ہیں، تاہم جمہوریت میں حکومتیں عوام کا اعتماد حاصل کرکے اورعوامی رائے کی بنیاد پرتشکیل پاتی ہیں، نہ کہ تشدداورانتشارکے ذریعہ۔ انہوں نے خبردارکیا کہ ہندوستان کے اتحاد اورسالمیت کوچیلنج کرنے والوں کوسردارپٹیل کی تاریخ اوران کی قومی خدمات فراموش نہیں کرنی چاہئیں۔ تقریب میں بھارت بھارتی کے کارگزار صدر ونے بھائی پترالے، آرایس ایس دہلی پرانت کے سنگھ چالک ڈاکٹرانیل اگروال، بی جے پی کی رکنِ پارلیمنٹ کمَل جیت سہراوت، رکنِ اسمبلی اوردہلی بھارت بھارتی کے رہنما کیلاش گنگوال، تنظیمی جنرل سکریٹری جگن ناتھ کنج بہاری سمیت متعدد اہم شخصیات اسٹیج پرموجود تھیں۔ تقریب کی صدارت رکنِ اسمبلی کیلاش گنگوال نے کی۔

بھارت بھارتی کے سینئرعہدیداران میں الحاج محمدعرفان احمداوردھارا سنگھ، شیاما پرساد مکھرجی مہیلا کالج کی پرنسپل ڈاکٹرنیلم گوئل، بھارت بھارتی کی پوری ٹیم اوردہلی حکومت کے تعاون سے یہ پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ تقریب کے دوران قومی یکجہتی، ملکی اتحاد وسالمیت، سماجی ہم آہنگی اورقومی تعمیرجیسے اہم موضوعات پرخصوصی نشستوں کا اہتمام کیا گیا۔ دریں اثناء مختلف برادریوں کی جانب سے ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے، جبکہ نوجوانوں کیساتھ خصوصی تبادلۂ خیال کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں ملکی ترقی اورقومی ذمہ داریوں کے حوالے سے خیالات کا اظہارکیا گیا۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے’جن گن من‘ کے ساتھ ہوا۔ پروگرام کے انعقاد میں دہلی حکومت کی وزارتِ سیاحت اورمحکمۂ ثقافت کابھی تعاون حاصل رہا۔ بعد ازاں شرکاء نے اجتماعی طورپرپرتکلف ضیافت سے لطف اندوزہوئے۔

 بھارت ایکسپریس اردو-



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read