Bharat Express

POCSO Case Against BS Yediyurappa: بی ایس یدی یورپا کے خلاف غیرضمانتی وارنٹ جاری، POCSO کیس میں ہوئی کارروائی

بی جے پی کے سینئر لیڈراورکرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پاکسو کیس میں ان کے خلاف غیرضمانتی وارنٹ جاری ہوا ہے۔

کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

POCSO Case Against BS Yediyurappa: کرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ اور بی جے پی کے سینئرلیڈر بی ایس یدی یورپا کے خلاف بنگلورو کی عدالت نے پاکسو معاملے میں غیرضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کیا ہے۔ پولیس کے مطابق، یدی یورپا پرایک 17 سالہ لڑکی کی ماں کی شکایت کی بنیاد پر پاکسو ایکٹ اور تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 354 اے (جنسی استحصال) کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے اس سال 2 فروری کو بنگلورو کے ڈالرس کالونی میں اپنی رہائش گاہ پرایک میٹنگ کے دوران اس کی بیٹی کا جنسی استحصال کیا۔

قابل ذکرہے کہ اس وقت بی ایس یدی یورپا دہلی میں ہیں۔ ان کے خلاف پاکسو معاملے کی جانچ کر رہی سی آئی ڈی نے عدالت میں یدی یورپا کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کرنے سے متعلق عرضی داخل کی تھی، جس میں اب ان کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے وزیرداخلہ نے کہا تھا کہ اگرضرورت پڑی تو سی آئی ڈی یدی یورپا کو گرفتار کرسکتی ہے۔ سی آئی ڈی نے یدی یورپا کو 12 جون کو اس معاملے میں پیش ہونے کو کہا تھا، لیکن یدی یورپا نے کہا تھا کہ وہ دہلی میں ہیں، لہٰذا 17 جون کو سی آئی ڈی کے سامنے پیش ہوں گے۔