Bharat Express DD Free Dish

PM Modi on National Voters’ Day: وزیراعظم نریندر مودی نے ’مائی بھارت‘ کے رضاکاروں کو لکھا خط، پہلی بار ووٹر بننے والوں کے اندراج کو جشن بنانے کی اپیل

وزیر اعظم نے پہلی بار ووٹ دینے والے نوجوانوں کی شمولیت کو نہایت اہم لمحہ قرار دیا اور خاندانوں، رہائشی سوسائٹیوں، اسکولوں اور کالجوں سے اپیل کی کہ ووٹنگ کی عمر کو پہنچنے والے نوجوانوں کے لیے اسے ایک یادگار جشن بنایا جائے۔ انہوں نے انتخابات کو ’’جمہوریت کا تہوار‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمالیہ سے لے کر جزائر تک عوام بھرپور جوش کے ساتھ اپنی آواز درج کراتے ہیں۔

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر ملک کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ووٹنگ صرف ایک آئینی حق ہی نہیں بلکہ ایک مقدس ذمہ داری ہے، جو ہر شہری کو بھارت کے مستقبل کی تشکیل میں آواز عطا کرتی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ قومی ووٹرز ڈے جمہوری اقدار پر یقین کو مزید گہرا کرنے کا موقع ہے۔  انہوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جمہوری عمل کو مضبوط بنانے کی مسلسل کوششوں کی بھی ستائش کی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ووٹر ہونا محض آئینی سہولت نہیں بلکہ ایک اہم فریضہ ہے، جو ہر شہری کو بھارت کے مستقبل کی سمت طے کرنے میں شریک بناتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لے کر وکست بھارت کی بنیادوں کو مضبوط کریں۔

مائی بھارت کے رضاکاروں کے نام خط

قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر وزیراعظم نے مائی بھارت رضاکاروں کو ایک خط بھی لکھا، جس میں انہوں نے زور دیا کہ جب کوئی فرد پہلی بار ووٹر کے طور پر اندراج کرواتا ہے تو اسے جشن کے طور پر منایا جانا چاہیے۔ خط میں وزیر اعظم نے بھارتی جمہوریت کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور ’’مدر آف ڈیموکریسی‘‘ قرار دیا، جو صدیوں پرانی بحث و مکالمے کی روایت پر قائم ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بھارت اپنی پہلی عام انتخابات (1951) کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہا ہے، جو عوام کی فطری جمہوری سوچ کی علامت ہے۔ پی ایم مودی نے ووٹروں کو ملک کے ترقیاتی سفر کا ’’بھاگیہ ودھاتا‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ووٹ دینا جمہوریت میں سب سے بڑا حق اور ذمہ داری ہے۔

پہلی بار ووٹ دینے والوں پر خصوصی زور

وزیر اعظم نے پہلی بار ووٹ دینے والے نوجوانوں کی شمولیت کو نہایت اہم لمحہ قرار دیا اور خاندانوں، رہائشی سوسائٹیوں، اسکولوں اور کالجوں سے اپیل کی کہ ووٹنگ کی عمر کو پہنچنے والے نوجوانوں کے لیے اسے ایک یادگار جشن بنایا جائے۔ انہوں نے انتخابات کو ’’جمہوریت کا تہوار‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمالیہ سے لے کر جزائر تک عوام بھرپور جوش کے ساتھ اپنی آواز درج کراتے ہیں۔ وزیر اعظم نے ناری شکتی، خصوصاً نوجوان خواتین کے کردار کو جمہوریت کو مضبوط کرنے میں نہایت اہم بتایا۔ وزیر اعظم نے ایم وائی بھارت رضاکاروں سے اپیل کی کہ وہ ووٹر اندراج اور شمولیت کے بارے میں بیداری پھیلائیں اور نوجوانوں کے ’’کین ڈو اسپرٹ‘‘ کو تبدیلی کی طاقت بنائیں۔

قومی ووٹرز ڈے کی اہمیت

واضح رہے کہ بھارت میں ہر سال 25 جنوری کو قومی ووٹرز ڈے منایا جاتا ہے۔ یہ دن الیکشن کمیشن آف انڈیا کے قیام (25 جنوری 1950) کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس سال کا تھیم ’’میرا بھارت، میرا ووٹ‘‘ جبکہ ٹیگ لائن ’’بھارتی جمہوریت کے مرکز میں شہری‘‘ ہے۔ اس موقع پر صدر دروپدی مرمو تقریب کی مہمانِ خصوصی ہوں گی۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read