Bharat Express

Atiq Ahmed Murder Case: عتیق احمد اور اشرف قتل کیس میں چارج شیٹ دائر، تقریباً 2000 صفحات پر مشتمل ہے کیس سے متعلق ڈائری

پریاگ راج پولس کی ایس آئی ٹی نے اترپردیش کے سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد اور اس کے بھائی اشرف کے قتل کے معاملے میں عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ پریاگ راج کی سی جے ایم کورٹ میں چارج شیٹ داخل کی گئی

عتیق احمد اور اشرف قتل کیس میں چارج شیٹ دائر

پریاگ راج پولس کی ایس آئی ٹی نے اترپردیش کے سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد اور اس کے بھائی اشرف کے قتل کے معاملے میں عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ پریاگ راج کی سی جے ایم کورٹ میں چارج شیٹ داخل کی گئی۔ ایس آئی ٹی نے موقع سے گرفتار تینوں ملزمین کے خلاف چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔ شوٹر لیولیش تیواری، ارون موریہ اور سنی سنگھ کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔ چارج شیٹ 56 صفحات میں داخل کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً 2000 صفحات پر مشتمل کیس ڈائری ہے۔ 15 اپریل کو، عتیق احمد اور اشرف کو حملہ آوروں نے پریاگ راج کے کیلون ہسپتال کے احاطہ میں پولیس حراست میں قتل کر دیا تھا۔

ایس آئی ٹی کے علاوہ عدالتی کمیشن بھی تشکیل دیا گیا

ایس آئی ٹی کے علاوہ ریاستی حکومت نے عتیق اور اشرف کے قتل کی تحقیقات کے لیے ایک عدالتی کمیشن بھی تشکیل دیا تھا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ایک اہلکار نے بتایا تھا کہ عتیق احمد اور اشرف کے قتل کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) 90 دن کی مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد جلد ہی اپنی چارج شیٹ داخل کر سکتی ہے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا تھا کہ اسے 15 جولائی تک عدالت میں داخل کر دیا جائے گا۔

حملہ آوروں کے پڑوسیوں کے بیانات لیے گئے

پولس محکمہ کے سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایس آئی ٹی نے مکمل تفتیش کی اور تینوں حملہ آوروں کے پڑوسیوں، رشتہ داروں اور دوستوں کے بیانات لئے۔ ان بیانات کی بنیاد پر چارج شیٹ میں حملہ آوروں کو ‘جارحانہ’ بتایا گیا ہے۔ حملہ آوروں کے مبینہ طور پر مغربی اتر پردیش اور دہلی کے گوگی اور سندر بھاٹی گینگ جیسے جرائم پیشہ گروہوں سے بھی تعلقات تھے اور پولیس حراست میں عتیق اور اشرف کے سنسنی خیز قتل کے پیچھے مقصد شہرت اور پیسہ کمانا تھا۔ حکام نے کہا کہ امیش پال کے قتل کے بعد عتیق کی میڈیا کوریج کو دیکھ کر حملہ آوروں نے اسے ختم کرنے اور اپنی شہرت کے حصول کے لئے منصوبہ بنایا۔

بھارت ایکسپریس۔