گوہاٹی: آسام ٹریبیون گروپ کے ایڈیٹر اور منیجنگ ڈائریکٹر پی جی بروآ کے انتقال پر ملک بھر میں صحافتی، ادبی اور سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پی جی بروآ کا اتوار، 14 دسمبر کی شب گوہاٹی کے ایک نجی اسپتال میں علاج کے دوران تقریباً رات 9:30 بجے انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 92 برس تھی۔ ان کے انتقال کو آسام ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے صحافتی منظرنامے کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے پی جی بروآ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی دنیا میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ آسام ٹریبیون گروپ کے ایڈیٹر اور منیجنگ ڈائریکٹر پی جی بروآ کے انتقال سے انہیں شدید صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروآ نے نہ صرف صحافت کے شعبے میں غیر معمولی خدمات انجام دیں بلکہ آسام کی ترقی اور ریاست کی ثقافت کو مقبول بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے مرحوم کے اہلِ خانہ، دوستوں اور مداحوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
Saddened by the passing away of Shri PG Baruah Ji, Editor and Managing Director of The Assam Tribune Group. He will be remembered for his contribution to the media world. He was also passionate about furthering Assam’s progress and popularising the state’s culture. My thoughts… pic.twitter.com/NONJnjKLHH
— Narendra Modi (@narendramodi) December 15, 2025
پی جی بروآ 1932 میں ڈبروگڑھ میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ معروف اخبار ”دی آسام ٹریبیون“ کے بانی رادھا گووند بروآ کے فرزند تھے۔ انہوں نے 1966 میں اخبار کے ایڈیٹر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں اور کئی دہائیوں تک ادارے کی قیادت کی۔ بعد ازاں وہ آسام ٹریبیون گروپ کے چیئرمین بنے اور ادارے کو قومی سطح پر ایک معتبر شناخت دلائی۔ آسام کے وزیراعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے بھی پی جی بروآ کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کو آسام کی صحافت کا عظیم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ اصولی صحافت کے تئیں ان کی عمر بھر کی وابستگی اور ادب، تعلیم و عوامی زندگی میں ان کا گراں قدر تعاون ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
پی جی بروآ کو ادب اور تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں 2018 میں پدم شری سے نوازا گیا تھا۔ وہ مختلف سماجی و ثقافتی تنظیموں سے وابستہ رہے اور شوقیہ تھیٹر میں بھی سرگرم کردار ادا کیا۔ آسام ساہتیہ سبھا اور ڈاکٹر بی بوروا کینسر انسٹی ٹیوٹ سمیت کئی اداروں نے انہیں اعزازات سے نوازا۔ ان کے انتقال سے ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا ہے، مگر ان کی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہیں گی۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

