مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کے 15 سالہ اقتدار کا خاتمہ کرکے مکمل اکثریت حاصل کرنے کے بعد اب ریاست میں بی جے پی اپنا پہلا وزیر اعلیٰ بنانے جا رہی ہے۔ کولکاتا کے سیاسی حلقوں میں آج (8 مئی) چہ میگوئیاں اپنے عروج پر ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اس تاریخی تبدیلی کی قیادت کے لیے کولکاتا میں موجود ہیں۔ آج اس ’خفیہ‘ نام سے پردہ اٹھ جائے گا، جس پر پورے ملک کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔
دوپہر 2 بجے ہوگا فیصلہ
بی جے پی قیادت نے نئی حکومت کی تشکیل کے لیے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو ’مرکزی مبصر‘ (Central Observer) اور اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی کو ’معاون مبصر‘ مقرر کیا ہے۔آج دوپہر 2 بجے کولکاتا میں مغربی بنگال بی جے پی مقننہ پارٹی کی اہم میٹنگ طلب کی گئی ہے۔ امت شاہ اور موہن چرن ماجھی نومنتخب اراکین اسمبلی کے ساتھ مشاورت کریں گے اور اسی میٹنگ میں اتفاق رائے سے مقننہ پارٹی کے لیڈر، یعنی نئے وزیر اعلیٰ، کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی نئی کابینہ کی مکمل شکل بھی آج ہی طے کر لی جائے گی۔
کون ہوگا وہ چہرہ؟
بنگال میں بی جے پی کس کو وزیر اعلیٰ بنائے گی، اس سے متعلق کئی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ تاہم انتخابی مہم کے دوران خود مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کئی بار اسٹیج سے اعلان کیا تھا کہ مغربی بنگال کا وزیر اعلیٰ کوئی ’باہری‘ شخص نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ ’’وزیر اعلیٰ کوئی مقامی شخص ہوگا اور وہی ہوگا جو اچھی بنگالی بولتا ہو۔‘‘امت شاہ کے اسی فارمولے نے سسپنس کو مزید بڑھا دیا ہے کہ آخر وہ کون سا ’بنگالی بھدرلوک‘ چہرہ ہے، جسے یہ بڑی ذمہ داری سونپی جانے والی ہے۔
9 مئی کو تاریخی حلف برداری
آج مقننہ پارٹی کی میٹنگ میں نام طے ہونے کے فوراً بعد کل یعنی 9 مئی کو مغربی بنگال میں نئی حکومت کی حلف برداری تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس تاریخی تقریب کی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔اس پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی شریک ہوں گے۔ ان کے علاوہ ملک بھر کی کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، نائب وزرائے اعلیٰ، مرکزی وزراء اور پارٹی کے کئی سینئر لیڈر بھی بنگال میں پہلی بار قائم ہونے والی بی جے پی حکومت کے تاج پوشی میں شامل ہوں گے۔اب سب کو دوپہر 2 بجے کا انتظار ہے، جب بنگال کی سیاست کے سب سے بڑے راز سے پردہ اٹھے گا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

