نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش آج پورے ملک میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی ریاست بن چکا ہے۔ انہوں نے ریاست میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو مدھیہ پردیش کبھی بیمارو ریاست کے طور پر جانا جاتا تھا، آج اس کے ترقیاتی ماڈل کی دیگر ریاستیں پیروی کر رہی ہیں۔ امت شاہ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے دور حکومت میں مدھیہ پردیش کو بیمرُو ریاست کہا جاتا تھا، لیکن سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ریاست کو اس زمرے سے باہر نکالا اور اب وزیر اعلیٰ موہن یادو اسے ایک ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔مرکزی وزیر داخلہ گوالیار میں سابق وزیر اعظم اور بھارت رتن اٹل بہاری واجپائی کی 101ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد ہ ابیودیا مدھیہ پردیش گروتھ سمٹ‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معاشی اتار چڑھاؤ اور وسائل کی کمی کے باوجود مدھیہ پردیش نے جس رفتار سے ترقی کی ہے، وہ پورے ملک کے لیے باعثِ تحریک ہے۔ ان کے مطابق ریاست نے چیلنجز پر قابو پا کر خود کو ترقی کی راہ پر مضبوطی سے گامزن کیا ہے۔
امت شاہ نے کہا کہ زراعت، باغبانی، مویشی پروری، آبپاشی، صنعت، توانائی، سیاحت، صحت، کانکنی، فارما اور قابلِ تجدید توانائی سمیت بنیادی ڈھانچے کے میدان میں مدھیہ پردیش آج صف اوّل کی ریاستوں میں شامل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی سوچ، کاروباری جذبے، ترقی پسند نظریے اور اختراعات کے ذریعے ریاست نے ترقی کے ایسے معیارات قائم کیے ہیں جنہیں اب دیگر ریاستیں بھی اپنا رہی ہیں۔مرکزی وزیر نے یہ بھی کہا کہ بھارت جلد ہی دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے جا رہا ہے اور اس تاریخی کامیابی میں مدھیہ پردیش کا کردار سب سے اہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول، واضح پالیسیاں اور مضبوط سیاسی عزم موجود ہے، جس کی وجہ سے اس سال مدھیہ پردیش کو سرمایہ کاری کی تجاویز کے معاملے میں ملک میں تیسرا مقام حاصل ہوا ہے۔
امت شاہ نے صنعتی ترقی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش حکومت کے اقدامات ریاست اور ملک کی معیشت کو مضبوط بنا رہے ہیں۔ انہوں نے گوالیار خطے کی تاریخی، ثقافتی اور قومی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسی سرزمین نے اٹل بہاری واجپائی جیسی عظیم شخصیت کو جنم دیا، جنہوں نے اقوام متحدہ میں ہندی میں خطاب کر کے زبان کو عالمی وقار بخشا، ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور بنیادی ڈھانچے کی مضبوط بنیاد رکھی۔آخرمیں امت شاہ نے وزیراعلیٰ موہن یادو اور مدھیہ پردیش حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی صنعتی کانکلیوز کے ذریعے ریاست میں متوازن ترقی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں تمام ریاستوں کو اسی طرز پر ترقی کے مواقع پیدا کرنے ہوں گے، کیونکہ متوازن علاقائی ترقی ہی مضبوط بھارت کی بنیاد ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
