Urdu Conclave 2026

Samvidhan Hatya Diwas: امت شاہ  نے سمویدھان  ہتیہ دیوس  پر کانگریس پر سخت تنقید کی، شاہ نے ایمرجنسی کو جمہوریت پر سب سے بڑا حملہ قرار دیا

امت شاہ نے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ” سمویدھان  ہتیہ دیوس ” منانے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ مستقبل میں کوئی بھی سیاسی جماعت، خاص طور پرکانگریس، جمہوریت اور آئین پر ویسا حملہ دوبارہ نہ کر سکے جیسا ایمرجنسی کے دوران دیکھنے میں آیا تھا۔

سمویدھان ہتیہ دیوس کے موقع پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے 25 جون 1975 کو نافذ کی گئی ایمرجنسی کو بھارتی جمہوریت کی تاریخ کا سیاہ باب قرار دیتے ہوئے کانگریس اور اُس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی پر سخت تنقید کی ۔ امت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ 25 جون 1975 کا دن بھارتی جمہوریت کے لیے ایک المناک دن تھا، جب اقتدار کے غرور اور سیاسی مفادات کی خاطر آئین کی روح، صحافت کی آزادی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کو کچلنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کے دوران جمہوری اداروں کو کمزور کیا گیا، اپوزیشن لیڈروں، سماجی کارکنوں اور جمہوریت کے حامی افراد کی آواز دبائی گئی۔ اس کے ساتھ ہی اظہارِ رائے کی آزادی پر پابندیاں عائد کی گئیں، میڈیا پر سنسرشپ نافذ کی گئی اور آئین کی بنیادی روح کو نقصان پہنچایا گیا۔

جمہوریت کے محافظوں کو  پیش کی خراج عقیدت

وزیر داخلہ امت شاہ نے ان تمام افراد کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ایمرجنسی کے خلاف جدوجہد کی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے جیلوں میں سختیاں برداشت کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہی لوگوں کی قربانیوں اور جدوجہد کی بدولت ملک میں جمہوریت کی بحالی ممکن ہو سکی۔امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے 25 جون کو ” سمویدھان  ہتیہ دیوس” کے طور پر منانے کا فیصلہ اس لیے کیا ہے تاکہ ایمرجنسی کے اس دور کی یاد قومی شعور میں زندہ رہے اور نئی نسل اس سے سبق حاصل کر سکے۔

نئی نسل کو تاریخ جاننی چاہیے

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اختیارات کے ارتکاز اور جمہوری اداروں کو دبانے کے کیا نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ دن صرف ماضی کو یاد کرنے کا موقع نہیں بلکہ جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے عزم کی تجدید کا بھی ذریعہ ہے۔

کانگریس پر تنقید

امت شاہ نے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سمویدھان  ہتیہ دیوس منانے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ مستقبل میں کوئی بھی سیاسی جماعت، خاص طور پرکانگریس، جمہوریت اور آئین پر ویسا حملہ دوبارہ نہ کر سکے جیسا ایمرجنسی کے دوران دیکھنے میں آیا تھا۔

ملک بھر میں تقریبات

اس موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بھی ملک بھر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا، جن میں ایمرجنسی کے دور کو یاد کرتے ہوئے جمہوری اقدار کے تحفظ اور آئین کی بالادستی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read