معروف صحافی اور سہ روزہ دعوت کے مدیر کے انتقال پر امیر جماعت اسلامی ہند ، سید سعادت اللہ حسینی نے، اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ پرواز رحمانی کا انتقال نہ صرف صحافت کے شعبے میں بلکہ مجموعی طور پر ملک و ملت کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہ روزہ دعوت کے مدیر کی حیثیت سے پرواز رحمانی کی خدمات مثالی صحافت کا اعلی نمونہ ہیں۔ صحافتی دیانت، فکری گہرائی و متانت، جراءت و بے باکی اور اخلاص و درد مندی کی اعلی قدروں کو اپنی اصول پسند صحافت میں انہوں نے جس طرح برتا وہ ہمیشہ صحافیوں کے لیے ایک نمونہ ہوگا۔ صحافت ان کے لیے محض ایک پیشہ نہیں تھا بلکہ اعلی مقاصد حیات اور انسانوں کی ہمہ گیر فلاح و بہبود کا ایک طاقت ور ذریعہ تھا۔
پرواز رحمانی کی آواز اصولی متوازن حقائق پر مبنی
ان کی آواز اصولی، متوازن اور حقائق پر مبنی ہوتی تھی، جس نے انہیں قارئین اور اہلِ قلم میں یکساں طور پر مقبول بنایا۔ خاص طور پر سہ روزہ دعوت میں خبر و نظر کے کالم کے تحت شائع ہونے والے آپ کے مختصر مضامین نے سہ روزہ دعوت کی مقبولیت اور تاثیر میں اضافے میں کلیدی رول ادا کیا ۔
تحریک اسلامی ہند کے لیے بھی مختلف میدانوں میں گراں قدر خدمات
صحافت کے علاوہ، مرحوم پرواز رحمانی نے تحریک اسلامی ہند کے لیے بھی مختلف میدانوں میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ آپ جماعت اسلامی ہند کی مرکزی مجلس شوریٰ اور مجلس نمائندگان کے بھی رکن رہے۔دعوت دین، اصلاح امت اور ملکی و ملی مسائل کے حل کی کوشش، تحریک میں ان کے خاص میدان تھے۔ ان کی شخصی خوبیاں بھی قابلِ تقلید تھیں۔ علمی عظمت کے باوجود وہ نہایت منکسرالمزاج، مخلص، نرم خو اور خورد نواز شخصیت کے مالک تھے۔اپنی ان خوبیوں کے ذریعے انہوں نے بلند پایہ صحافیوں کی ایک پوری نسل کی تربیت کی۔ امیر جماعت نے مرحوم سے اپنے دیرینہ ذاتی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے تک مرکزی مجلس شوری اور مجلس نمائندگان میں ان کا ساتھ رہا۔ ان سے میں نے بہت کچھ سیکھا۔ مرکزی مجلس شوری کی قراردادوں کی کمیٹیوں میں بارہا ان کے ساتھ کام کرتے ہوئے صحافت اور قرارداد نویسی کے متعدد رموَز سیکھنے کو ملے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مرحوم کے اہلِ خانہ، ساتھیوں اور قارئین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کی خدمات اور وراثت آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی انشاء اللہ۔سید حسینی نے دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، لغزشوں سے درگزر فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

