نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے دہلی کے کریاپّا پریڈ گراؤنڈ میں منعقد سالانہ این سی سی۔پی ایم ریلی میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اجیت دادا نے مہاراشٹر اور پورے ملک کی ترقی میں غیر معمولی خدمات انجام دیں۔ وزیراعظم مودی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ’’آج کا دن ہمارے لیے دکھ لے کر آیا ہے۔ آج صبح مہاراشٹر میں ایک افسوسناک طیارہ حادثہ پیش آیا، جس نے ہم سے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار جی اور ان کے کچھ ساتھیوں کو چھین لیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اجیت دادا نے خاص طور پر دیہی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر کام کیا۔
اہل خانہ اور جاں بحق افراد کے کنبوں سے تعزیت
وزیراعظم نے کہا کہ وہ اجیت پوار کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور اس حادثے میں جان گنوانے والے دیگر افراد کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’اس مشکل گھڑی میں ہم سب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘
این سی سی: نوجوانوں کی تربیت کا مضبوط پلیٹ فارم
وزیراعظم مودی نے این سی سی کو ایک تنظیم ہی نہیں بلکہ ایک تحریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ بھارت کی نوجوان طاقت کو خود اعتماد، باوقار، حساس اور قوم کے تئیں ذمہ دار شہری بناتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ بھی بڑی تعداد میں گرلز کیڈٹس ریلی میں شریک ہوئیں، جس پر انہوں نے خصوصی طور پر ان کی ستائش کی۔ وزیر اعظم کے مطابق گزشتہ برسوں میں این سی سی کیڈٹس کی تعداد 14 لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ وزیراعظم نے کہا: ’’میں نے لال قلعہ سے کہا تھا کہ یہی صحیح وقت ہے۔ آج کا دور ہمارے نوجوانوں کے لیے مواقع سے بھرپور ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ اس دور کا زیادہ سے زیادہ فائدہ نوجوانوں کو ملے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا نوجوان بھارت کی طرف بڑے اعتماد سے دیکھ رہی ہے اور اس اعتماد کی بنیاد نوجوانوں کی مہارتیں اور اقدار ہیں۔
سوشل میڈیا پر بھی خراج عقیدت
اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بھی اجیت پوار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اجیت پوار ایک عوامی رہنما تھے، جن کا گہرا تعلق زمینی سطح سے تھا۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے عوام کی خدمت میں ان کا کردار نمایاں رہا، انتظامی امور پر ان کی گرفت مضبوط تھی اور غریبوں و محروم طبقات کو بااختیار بنانے کا ان کا جذبہ قابل ستائش تھا۔ وزیر اعظم نے ان کے انتقال کو انتہائی افسوسناک اور صدمہ پہنچانے والا قرار دیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
