نئی دہلی: ملک بھر میں مانسون نے اب انتہائی شدت اختیار کر لی ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 26 جولائی کے لیے متعدد ریاستوں میں شدید بارش، آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والے گہرے کم دباؤ کے نظام اور راجستھان کے اوپر موجود گردابی ہواؤں کے باعث موسم نے خطرناک رخ اختیار کر لیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گجرات، اتر پردیش، اوڈیشہ، ہریانہ، جموں و کشمیر سمیت کئی ریاستوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش، تیز آندھی اور بجلی گرنے کا شدید خدشہ ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو درختوں، کمزور عمارتوں اور کھلے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔گجرات میں مانسون کے سب سے زیادہ شدید اثرات متوقع ہیں۔ بھروچ اور بھاونگر اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں انتہائی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ، مہسانہ، پٹن اور سابَر کانٹھا میں بھی خراب موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں ،جب کہ آسمانی بجلی گرنے کا بھی خطرہ ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور مقامی انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور گھروں میں محفوظ رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔خلیج بنگال میں بننے والے موسمی نظام کے اثرات اوڈیشہ پر بھی نمایاں ہوں گے، جہاں آج سے 28 جولائی تک مسلسل موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ بھدرک، جاج پور اور کیندرپاڑہ اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔دوسری جانب اتر پردیش کے میدانی علاقوں میں بھی آندھی اور بارش کا شدید امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ لکھنؤ، کانپور، آگرہ، علی گڑھ، سیتاپور سمیت کئی اضلاع میں 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے، گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دہلی-این سی آر میں بھی آج سے موسم کا مزاج بدلنے کا امکان ہے۔ دن بھر آسمان پر گھنے بادل چھائے رہیں گے، جب کہ 20 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل دہلی کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔حکمہ موسمیات کی سات روزہ پیش گوئی کے مطابق 28 اور 29 جولائی کو دہلی میں بارش کی شدت میں اضافہ ہوگا، جس سے کئی علاقوں میں جھم جھم بارش ہوگی اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔ پورے ہفتے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 36 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
پہاڑی ریاستوں میں بھی خراب موسم برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ جموں و کشمیر کے اننت ناگ، بارہ مولہ، سری نگر اور جموں میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں شدید بارش، گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے کا خدشہ ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پہاڑی سڑکوں پر ٹریفک متاثر ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ پنجاب، ہریانہ اور مدھیہ پردیش کے کئی اضلاع میں بھی بارش اور تیز آندھی کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ ریاستی حکومتوں نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


