تل ابیب: اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ ایران کی حکومت کی جانب سے آیت اللہ علی خامنہ ای کے بعد منتخب کیے جانے والے کسی بھی رہنما کو اسرائیل واضح ہدف سمجھے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی لیڈر اسرائیل کے خلاف کارروائی کرے گا یا اسے مٹانے کی بات کرے گا وہ اسرائیل کے نشانے پر ہوگا۔ ان کے مطابق نام یا مقام سے کوئی فرق نہیں پڑتا اسرائیل اسے تلاش کر لے گا۔ اسرائیلی اخبار دی ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیل کاٹز نے بیان میں کہا کہ ایرانی حکومت کی جانب سے مقرر کیا جانے والا کوئی بھی رہنما اگر اسرائیل کے خاتمے، امریکہ اور آزاد دنیا کے ساتھ خطے کے ممالک کو دھمکانے اور ایرانی عوام پر ظلم جاری رکھنے کی پالیسی کو آگے بڑھائے گا تو وہ واضح طور پر ہمارا اگلا ہدف ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا: ’’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اس کا نام کیا ہے یا وہ کہاں چھپا ہے۔‘‘ کاٹز کا کہنا تھا کہ اسرائیل اپنے امریکی اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایرانی حکومت کی صلاحیت کو کمزور کرنے اور ایرانی عوام کے لیے اسے ہٹانے کے حالات پیدا کرنے کی کوشش جاری رکھے گا۔
مجتبیٰ خامنہ ای کی تقرری کا اعلان
آج ایران میں اعلان کیا گیا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو ملک کا نیا سپریم لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے۔ ایران کی مجلس خبرگان نے انہیں اس منصب کے لیے نامزد کیا۔ لیکن شام ہوتے ہوتے اس خبر کو پوری طرح مسترد کردیا گیا ہے۔ ایران کے ممبئی قونصل خانے نے ٹوئیٹ میں کہا کہ یہ خبر پوری طرح غلط ہے ابھی ایسا کوئی بھی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ہفتے کے روز تہران پر امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ فضائی حملوں میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت ایران کے کئی اعلیٰ کمانڈرز ہلاک ہو گئے تھے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔
نظریاتی سوالات اور سوگ کی تقریبات
ایران کا اسلامی جمہوریہ خود کو ہمیشہ موروثی بادشاہت کے خلاف ایک نظریاتی متبادل کے طور پر پیش کرتا رہا ہے۔ ایسے میں اگر باپ کے بعد بیٹا اقتدار سنبھالتا ہے تو اس سے نظام کے بنیادی اصولوں پر سوالات اٹھ سکتے ہیں۔ ادھر تہران میں بدھ کی رات سے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی یاد میں تین روزہ تعزیتی تقریبات کا آغاز ہو رہا ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق لوگ تہران کے گرینڈ مصلیٰ میں جمع ہو کر انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔ تدفین کی تاریخ اور دیگر تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

