Bharat Express DD Free Dish

Trump lowers China tariffs: جِن پِنگ سے ملاقات کے بعد ٹرمپ کا بڑا فیصلہ، فینٹینائل سے متعلق ٹیرف میں کی 10 فیصد کی کمی، ریئر ارتھ ایلیمینٹس سے متعلق بھی مسائل حل

ٹرمپ نے کہا کہ وہ اور شی جن پِنگ تقریباً ہر چیز پر متفق ہو گئے ہیں، جن میں سویا بین کی تجارت اور فینٹینائل سے متعلق ٹیرف بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کے ہم کئی مسائل پر متفق ہیں۔ بڑی مقدار میں سویا بین اور دیگر زرعی مصنوعات کی خریداری فوری طور پر شروع ہونے جا رہی ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔

واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایشیائی دورے کے آخری مرحلے میں چین کے صدر شی جن پِنگ سے ملاقات کی۔ اس دوران امریکہ اور چین کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے جن مسائل پر کشیدگی چل رہی تھی، ان پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ جنوبی کوریا سے روانہ ہونے کے بعد ’ایئر فورس ون‘ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے جن پِنگ کے ساتھ اپنی ملاقات کی تفصیلات بتائیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایک تجارتی معاہدے پر پہنچ چکے ہیں، جس پر جلد ہی دستخط کیے جا سکتے ہیں۔

ٹرمپ نے کہا، ’’ہمارے درمیان ایک معاہدہ ہو گیا ہے۔ اب ہم ہر سال اس معاہدے پر بات چیت کریں گے۔ میرا خیال ہے کہ یہ معاہدہ طویل عرصے تک چلے گا۔ یہ ایک سال کا معاہدہ ہے اور ہم اسے ایک سال بعد بڑھا دیں گے۔‘‘

ٹرمپ اور شی جن پِنگ ہر چیز پر متفق

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور شی جن پِنگ تقریباً ہر چیز پر متفق ہو گئے ہیں، جن میں سویا بین کی تجارت اور فینٹینائل سے متعلق ٹیرف بھی شامل ہے۔ ٹرمپ نے کہا، ’’ہم کئی مسائل پر متفق ہیں۔ بڑی مقدار میں سویا بین اور دیگر زرعی مصنوعات کی خریداری فوری طور پر شروع ہونے جا رہی ہے۔‘‘

امریکی صدر نے جن پِنگ کے ساتھ اپنی ملاقات کو ریٹنگ بھی دی اور کہا، ’’اگر صفر سے دس کے پیمانے پر دیکھا جائے، جہاں دس سب سے بہتر ہے، تو میں کہوں گا کہ یہ ملاقات بارہ تھی۔‘‘

فینٹینائل سے متعلق ٹیرف ٹرمپ نے کیا کم

ٹیرف کے حوالے سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ چینی لیڈر شی جن پِنگ سے بات چیت کے بعد وہ فینٹینائل سے متعلق ٹیرف کو کم کرکے 10 فیصد کر رہے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا، ’’جیسا کہ آپ جانتے ہیں، میں نے چین سے آنے والے فینٹینائل کی وجہ سے اس پر 20 فیصد ٹیرف لگایا تھا، جو ایک بڑا ٹیرف ہے۔ میں نے اسے 10 فیصد کم کر دیا ہے، اس لئے یہ فوری اثر سے 20 فیصد کے بجائے 10 فیصد ہو گیا ہے۔‘‘

ریئر ارتھ ایلیمینٹس سے متعلق مسائل حل

چین نے ’’ریئر ارتھ ایلیمینٹس‘‘ کے حوالے سے جو پابندیاں عائد کی تھیں، اس کے بعد امریکہ کے ساتھ کشیدگی مزید بڑھ گئی تھی۔ حالانکہ، اس بارے میں امریکی صدر نے کہا، ’’ریئر ارتھ ایلیمینٹس سے متعلق تمام مسائل حل ہو چکے ہیں اور یہ پوری دنیا کے لیے ہے۔ اب وہ رکاوٹ دور ہو گئی ہے… ریئر ارتھ کے معاملے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ امید ہے کہ کچھ عرصے کے لیے یہ لفظ ہماری لغت سے غائب ہو جائے گا۔ امریکہ ریئر ارتھ ایلیمینٹس کی خریداری اور پیداوار جاری رکھ سکے گا۔‘‘

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read