وزیر اعظم نریندر مودی اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر اسرائیل میں موجود ہیں، جہاں اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو اور ان کی اہلیہ سارہ نتن یاہو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس دورے کی ایک یادگار جھلک اس وقت سامنے آئی جب نتن یاہو نے وزیر اعظم مودی کے اعزاز میں منعقدہ سرکاری عشائیے کے دوران روایتی بھارتی لباس پہن کر سب کو حیران کر دیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے خود اس دلچسپ لمحے کی تصاویر اور معلومات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مشترکہ عشائیے سے قبل انہوں نے اپنے دوست وزیر اعظم مودی کو روایتی بھارتی لباس پہن کر سرپرائز دیا۔ ان کے اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان گہرے ثقافتی تعلقات اور باہمی احترام کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
हमारे संयुक्त रात्रिभोज से पहले, मैंने अपने मित्र प्रधानमंत्री मोदी को पारंपरिक भारतीय परिधान पहनकर चौंका दिया। 🇮🇱🇮🇳@narendramodi pic.twitter.com/3ElIQeLY97
— Benjamin Netanyahu – בנימין נתניהו (@netanyahu) February 25, 2026
اس سے قبل تل ابیب ایئرپورٹ پر بھی استقبال کے دوران خوشگوار ماحول دیکھنے کو ملا۔ جب سارہ نتن یاہو نے وزیر اعظم مودی سے مصافحہ کیا تو نیتن یاہو نے مسکراتے ہوئے دونوں کے لباس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اہلیہ اور وزیر اعظم مودی کے زعفرانی رنگ کے ملبوسات ایک دوسرے سے مماثلت رکھتے ہیں۔ اس تبصرے پر تینوں لیڈر قہقہے لگاتے ہوئے ہنستے نظر آئے، جس نے تقریب کو مزید دوستانہ بنا دیا۔
دورے کے دوران وزیر اعظم مودی نے اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ سے بھی خطاب کیا اور ’’اسپیکر آف دی کنیسٹ میڈل‘‘ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے بھارتی وزیر اعظم بن گئے۔ ان کی آمد پر پارلیمنٹ ہال نعروں اور تالیوں سے گونج اٹھا جبکہ ارکانِ پارلیمنٹ نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔ کنیسٹ کے اسپیکر نے ہندی زبان میں خیرمقدم کر کے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔ پارلیمنٹ میں خطاب کے موقع پر نتن یاہو نے وزیر اعظم مودی کو اپنا قریبی دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی یروشلم آمد اسرائیل کے لیے انتہائی خوشی کا لمحہ ہے۔ انہوں نے مودی کو بھارت۔اسرائیل تعلقات کا مضبوط حامی اور عالمی سطح پر بااثر لیڈر قرار دیا۔
انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ شاید وہ یہ کہنے کی جرات کریں کہ مودی صرف دوست ہی نہیں بلکہ بھائی کی طرح ہیں۔ نتن یاہو نے اپنے سابقہ مشترکہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بحیرہ روم کے ساحل پر دونوں لیڈروں نے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا عزم کیا تھا۔ ان کے مطابق اس کے بعد دونوں ممالک نے تجارت کو دوگنا، تعاون کو تین گنا اور باہمی اعتماد کو چار گنا بڑھایا ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ عشائیے کے دوران بھارتی لباس کا انتخاب محض سفارتی روایت نہیں بلکہ ثقافتی قربت اور مضبوط دوطرفہ تعلقات کا عملی اظہار ہے، جو بھارت اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



