جاپان میں منگل کے روز زلزلے کے تیز جھٹکوں سے زمین لرز اٹھی۔ جاپان موسمیاتی ایجنسی کے مطابق مغربی جاپان میں 6.2 شدت کا ابتدائی زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایجنسی نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز شیمانے صوبے کے مشرقی حصے میں واقع تھا، تاہم اس کے بعد کسی قسم کی سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔جاپان موسمیاتی ایجنسی کے مطابق زلزلے کے جھٹکے صبح 10 بج کر 18 منٹ پر شیمانے صوبے میں محسوس کیے گئے۔ ابتدائی طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ جاپان کے شِنڈو شدت پیمانے پر مغربی شہر یاسوگی میں زلزلے کی شدت پانچ سے زائد ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ایجنسی نے یہ بھی بتایا کہ مرکزی زلزلے کے فوراً بعد اسی علاقے میں 4.5، 5.1، 3.8 اور 5.4 شدت کے کئی ہلکے جھٹکے بھی محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت قدرے کم یعنی 5.8 ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم جھٹکے واضح طور پر محسوس کیے گئے۔صوبائی دارالحکومت ماتسوئے اور توتوری صوبے کے چند شہروں سمیت آس پاس کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے سب سے زیادہ محسوس کیے گئے۔ جاپان موسمیاتی ایجنسی نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز زمین کی سطح سے تقریباً 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ ایجنسی نے واضح کیا کہ اس زلزلے کے بعد سونامی کا کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔
حکام کے مطابق زلزلے سے اب تک کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے بھی وضاحت کی ہے کہ شیمانے نیوکلیئر پاور پلانٹ اور اس سے منسلک مراکز میں کسی طرح کی غیر معمولی سرگرمی یا خرابی نہیں پائی گئی ہے، جس سے عوام نے قدرے اطمینان کا سانس لیا ہے۔واضح رہے کہ حال ہی میں شمال مشرقی جاپان میں 7.5 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا تھا، جس میں کم از کم 30 افراد زخمی ہوئے تھے اور ہزاروں لوگوں کو اپنے گھر چھوڑنے پڑے تھے۔ اس زلزلے کے بعد سونامی وارننگ بھی جاری کی گئی تھی، جس کے باعث ٹرین سروسز معطل ہو گئی تھیں اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی تھی۔
جاپان زلزلہ خیز خطے میں واقع ہونے کے باعث یہاں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں، قابل ذکر بات یہ ہے کہ حکام کی جانب سے اس تازہ زلزلے کے بعد مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


