Urdu Conclave 2026

Israel-Hamas ceasefire: غزہ میں جشن کا ماحول، حماس اور اسرائیل غزہ جنگ بندی کے معاہدے پر متفق، 2000 فلسطینی قیدیوں کے بدلے حماس 20 یرغمالیوں کو کرے گا رہا

گٹیرس نے کہا کہ اقوام متحدہ اس معاہدے پر مکمل عمل درآمد کی حمایت کرے گا اور وہ غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل کو تیز کرنے کے لیے تیار ہے۔ انسانی امداد اردن اور مصر کی سرحدوں پر موجود ہے۔

غزہ میں طویل عرصے سے جاری جنگ کے خاتمے کی جانب ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ اسرائیل اور حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر اتفاق کیا ہے۔ ٹرمپ نے خود اس کا اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ‘ پر کیا اور اسے ایک تاریخی اور بے مثال واقعہ قرار دیا۔ حماس اوراسرائیل ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کے تحت جاری مذاکرات کے تیسرے دن غزہ میں جنگ بندی کے پہلے مرحلے پر متفق ہو گئے ہیں۔ اس مرحلے کے تحت حماس 20 یرغمالیوں کو 72 گھنٹوں میں اسرائیل کے سپرد کرے گی، جس کے بدلے میں اسرائیل اپنی جیلوں میں قید 2000 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔

ٹرمپ کا کیا کہنا ہے؟

 ٹرمپ نے کہا کہ یہ معاہدہ غزہ میں جنگ بندی پر عمل درآمد کرے گا، یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنائے گا اور اس کے نتیجے میں اسرائیلی فوجیوں کا یقینی انخلاء ہوگا۔ انہوں نے اسے دیرپا امن کی جانب پہلا مضبوط قدم قرار دیا۔ اس اعلان کے بعد غزہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، لوگ جشن منانے سڑکوں پر نکل آئے۔

دستخط مصر میں ہونے والے ہیں

 اس معاہدے پر مصر میں جمعرات نو اکتوبر کو دستخط کیے جائیں گے۔ اس میں انسانی امداد پہنچانے کے لیے غزہ میں فوری طور پر پانچ کراسنگ کھولنا، غزہ سے انخلاء کے نقشے میں تبدیلی اور پہلے مرحلے میں 20 اسرائیلی قیدیوں کی زندہ رہائی شامل ہے۔ اپنی پوسٹ میں صدر ٹرمپ نے ثالثی کی کوششوں پر قطر، مصر اور ترکی کا شکریہ ادا کیا اور لکھا،”یہ عرب اور مسلم دنیا، اسرائیل، ارد گرد کی تمام اقوام اور امریکہ کے لیے ایک عظیم دن ہے۔ مبارک ہو، وہ لوگ جو امن قائم کرتے ہیں۔”

 اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے دیا بیان

 اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے بھی اس معاہدے کو اسرائیل کے لیے ایک عظیم دن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت سے معاہدے کی منظوری اور تمام یرغمالیوں کی واپسی کے لیے ایک اجلاس بلائیں گے۔ نیتن یاہو نے آئی ڈی ایف کے فوجیوں اور سیکورٹی فورسز کا ان کی ہمت اور قربانی پر شکریہ ادا کیا۔ نیتن یاہو نے ٹرمپ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ”میں صدر ٹرمپ کی قیادت، شراکت داری، اور اسرائیل کی سلامتی اور ہمارے یرغمالیوں کی آزادی کے لیے غیر متزلزل عزم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہمارے تمام یرغمالیوں کی واپسی نہیں ہو جاتی اور ہمارے تمام مقاصد حاصل نہیں ہو جاتے۔

اقوام متحدہ نے غزہ امن معاہدے کا خیرمقدم کیا

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے بدھ کو دیر گئے اسرائیل اور حماس کے درمیان امریکہ کی ثالثی میں ہونے والے امن معاہدے کے ابتدائی مرحلے میں ملی کامیابی کا خیرمقدم کیا اور تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ “معاہدے کی شرائط کی مکمل پابندی کریں۔” گٹیرس نے کہا کہ اقوام متحدہ اس معاہدے پر مکمل عمل درآمد کی حمایت کرے گا اور وہ غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل کو تیز کرنے کے لیے تیار ہے۔ انسانی امداد اردن اور مصر کی سرحدوں پر موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ “میں تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیتا ہوں کہ وہ قبضے کے خاتمے، فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرنے، اور دو ریاستی حل کے حصول کے لیے اس اہم موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک قابل اعتماد سیاسی راستہ اختیار کریں جس سے اسرائیلی اور فلسطینی امن اور سلامتی کے ساتھ زندگی گزار سکیں”۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read