Urdu Conclave 2026

Ukrainian President Volodymyr Zelenskyy: روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ متوقع، کیف نے ایک ہزار قیدیوں کی فہرست روس کو پیش کی

روسی وزارت دفاع نے تقریباً 8 ہزار 970 جنگ بندی خلاف ورزیوں کی اطلاع دی تھی۔ دوسری جانب یوکرینی حکام نے الزام لگایا کہ روسی حملے جنگ بندی کے باوجود جاری رہے، جن میں کم از کم ایک شخص ہلاک جب کہ 15 افراد زخمی ہوئے۔

نئی دہلی :روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے دوران قیدیوں کے تبادلے کی ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین نے روس کو ایک ہزار قیدیوں کی فہرست سونپ دی ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان “ایک ہزار کے بدلے ایک ہزار” قیدیوں کا تبادلہ ممکن بنایا جا سکے۔ صدر زیلنسکی کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں اس پیش رفت کی تصدیق کی گئی ہے۔اتوار کی شام قوم سے خطاب کرتے ہوئے صدر زیلنسکی نے کہا کہ قیدیوں کے تبادلے کی تیاری جاری ہے اور یہ عمل ضرور مکمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں امریکہ نے ضمانت فراہم کرنے کی ذمہ داری لی ہے۔ زیلنسکی کے مطابق یہ تبادلہ جنگی کشیدگی کم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔

خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق، یوکرینی صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ روس کے ساتھ جاری جنگ کا خاتمہ ضروری ہے اور اس کے لیے قابل اعتماد سکیورٹی ضمانتیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن اب حقیقی مذاکرات کے لیے تیار دکھائی دے رہے ہیں۔ زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین کافی عرصے سے براہ راست بات چیت کے لیے تیار تھا اور اب دونوں فریقوں کو مذاکرات کے لیے مناسب فارمیٹ تلاش کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ روس اور یوکرین نے جمعہ کے روز تین روزہ جنگ بندی اور ایک ہزار قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق کیا تھا۔ یہ جنگ بندی روس میں “وکٹری ڈے” تقریبات کے دوران ہفتہ سے پیر تک نافذ کرنے پر رضامندی ظاہر کی گئی تھی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ جنگ بندی کے اعلان کے فوراً بعد ہی دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر اس کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرنا شروع کر دیے۔روسی وزارت دفاع نے اتوار کو دعویٰ کیا کہ یوکرینی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جنگ بندی کی 16 ہزار 71 مرتبہ خلاف ورزی کی۔ وزارت کے مطابق روسی افواج نے ان حملوں کا جواب دیتے ہوئے یوکرینی فوج کے راکٹ لانچر سسٹمز، توپ خانے، مارٹر پوزیشنز، کمانڈ پوسٹس اور ڈرون لانچنگ مقامات کو نشانہ بنایا۔

اس سے قبل ہفتے کے روز بھی روسی وزارت دفاع نے تقریباً 8 ہزار 970 جنگ بندی خلاف ورزیوں کی اطلاع دی تھی۔ دوسری جانب یوکرینی حکام نے الزام لگایا کہ روسی حملے جنگ بندی کے باوجود جاری رہے، جن میں کم از کم ایک شخص ہلاک جب کہ 15 افراد زخمی ہوئے۔یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے اپنے بیان میں کہا کہ روسی فوج نے اتوار کے روز یوکرینی پوزیشنز پر 60 حملے کیے۔ دونوں ممالک کے درمیان جاری یہ تنازع دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جبکہ بین الاقوامی برادری جنگ بندی اور امن مذاکرات کو کامیاب بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read