نئی دہلی: وزیراعظم نریندرمودی نے پیرو کے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی قدامت پسند لیڈر کیکو فوجیموری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے کامیاب دورصدارت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، پیروکے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی کو بے حد اہمیت دیتا ہے اوردونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا، پیرو کے صدارتی انتخابات میں آپ کی کامیابی پر کیکو فوجیموری کو دلی مبارکباد۔ بھارت، پیرو کے ساتھ اپنے گہرے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ میں آپ کے کامیاب دورحکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں اور دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں باہمی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔
Heartiest congratulations, Keiko Fujimori, on your victory in the Peruvian Presidential elections.
India deeply values its close friendship with Peru and remains committed to further strengthening our bilateral partnership across diverse sectors. I wish you a successful tenure…
— Narendra Modi (@narendramodi) July 4, 2026
بین الاقوامی خبر رساں ادارے یورونیوز کے مطابق جمعہ کو (مقامی وقت کے مطابق) پیرو میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے (رن آف) میں کیکو فوجیموری کو فاتح قرار دیا گیا۔ اس انتخاب میں ملک میں بڑھتے ہوئے جرائم اور امن و امان کی صورتحال عوام کے لیے سب سے بڑا انتخابی مسئلہ رہی۔
رپورٹ کے مطابق 51 سالہ کیکو فوجیموری چوتھی مرتبہ صدارتی انتخاب میں حصہ لے رہی تھیں۔ وہ رواں ماہ کے آخر میں عہدہ سنبھالیں گی اور گزشتہ دس برسوں کے دوران پیرو کی نویں صدر بن جائیں گی، جو ملک کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔
پیرو کے اعلیٰ انتخابی ادارے نے ان کی کامیابی کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ انتخابی نتائج کے مطابق 100 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد کیکو فوجیموری کو 92 لاکھ 23 ہزار ووٹ حاصل ہوئے، جو مجموعی ووٹوں کا 50.135 فیصد بنتے ہیں۔ ان کے مدمقابل قوم پرست کانگریسی امیدوار روبرٹو سانچیز کو 91 لاکھ 73 ہزار سے زائد ووٹ ملے، جو 49.865 فیصد ووٹوں کے برابر ہیں۔ اس طرح فوجیموری نے نہایت سخت مقابلے میں معمولی فرق سے کامیابی حاصل کی۔
کیکو فوجیموری نے بھی اپنی کامیابی کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل مکمل ہونے اور قومی انتخابی اتھارٹی (JNE) کی جانب سے نتائج کے اعلان کے بعد وہ لاکھوں پیرو کے شہریوں کی جانب سے کیے گئے اعتماد کو گہرے شکرگزاری کے ساتھ قبول کرتی ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ “اب ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ ہم اس ذمہ داری کو عاجزی، احساسِ فرض اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ قبول کرتے ہیں۔ نئی حکومت کے قیام سے پہلے کا ہر دن عوام کی بات سننے، مکالمے کو فروغ دینے اور بہتر حکمرانی کی تیاری کا موقع ہے۔ ہم اپنے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اس عمل کی پیش رفت اور اپنی سرگرمیوں سے عوام کو مسلسل آگاہ کرتے رہیں گے۔”
وزیرِاعظم مودی کی مبارکباد اوردونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کو بھارت اور پیرو کے باہمی تعلقات کے لیے ایک مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے، جس سے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہونے کی توقع ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

