Bharat Express DD Free Dish

Pope Condemns Gaza Church Attack: اسرائیل نے غزہ میں چرچ پر کیا حملہ تو چھلکا پوپ لیو کا درد، کہا-جنگ کی بربریت ختم ہونی چاہیے، عالمی برادری کو ادا کرنی چاہیے اپنی ذمہ داری

پوپ لیو نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری کرے اور عام شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

پوپ لیو چہاردہم۔ (تصویر: روئٹرز)

پوپ لیو چہاردہم نے غزہ میں واحد کیتھولک چرچ پر اسرائیلی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، جس میں جمعرات کو تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ اتوار کے روز اپنے ہفتہ وار دعائیہ اجتماع کے دوران پوپ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں جنگ کے خاتمے کی اپیل کی اور اس حملے کو ’’جنگ کی بربریت‘‘ قرار دیا۔

الجزیرہ کی خبر کے مطابق پوپ لیو نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری کرے اور عام شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ انھوں نے کہا کہ ’’اجتماعی سزا، اندھا دھند طاقت کا استعمال اور زبردستی نقل مکانی جیسے اقدامات کی ممانعت کی جائے۔‘‘ واضح رہے کہ غزہ میں چرچ پر اسرائیلی حملے میں کیتھولک فلاحی تنظیم کیریٹاس یروشلم کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں چرچ کا 60 سالہ خاکروب اور ایک 84 سالہ خاتون بھی شامل ہیں، جو چرچ کے احاطے میں قائم کیریٹاس کے خیمے میں نفسیاتی معاونت حاصل کر رہی تھیں۔

حال ہی میں شام پر کیا ہے اسرائیل نے حملہ

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی کارروائیوں میں 130 افراد جاں بحق اور 495 زخمی ہوئے، جس سے جنگ کے آغاز سے اب تک مجموعی ہلاکتیں 58,895 اور زخمیوں کی تعداد 1,40,980 ہو چکی ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران اسرائیل نے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اپنی جارحانہ کارروائیوں کے علاوہ ایران، لبنان، شام اور یمن میں بھی حملے کیے ہیں۔

حالیہ دنوں میں اسرائیل نے شام کی وزارت دفاع تک کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی مؤقف کے مطابق یہ حملے شام میں دروز اقلیت کے دفاع کے لیے کیے گئے۔ جب کہ لبنان میں حزب اللہ کو روکنے، ایران میں جوہری ہتھیاروں کی تیاری ختم کرنے اور یمن میں حوثی باغیوں کے حملوں کے ردعمل میں کارروائیاں کی گئیں۔ پوپ کا تازہ بیان اسرائیل کی بربریت کے حوالے سے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی ایک اور کوشش ہے کہ عام شہریوں کو جنگ کا نشانہ نہ بنایا جائے اور عالمی برادری اسرائیل کی پالیسیوں کا سختی سے نوٹس لے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read