ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے مسلم ممالک، بالخصوص خلیجی ریاستوں کے حکمرانوں سے اتحاد کی اپیل کرتے ہوئے انہیں اپنے ’’حقیقی دشمن‘‘ کو پہچاننے اور اس کا مقابلہ کرنے کی نصیحت کی ہے۔ انہوں نے امریکا اور اسرائیل کو مسلمانوں کا مشترکہ دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے درمیان اختلافات ان کے مخالفین کے مفاد میں ہیں۔
’’مسلمانوں کا اتحاد وقت کی ضرورت‘‘
مجتبیٰ خامنہ ای نے اسلامی اتحاد ہفتہ کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ مسلم ممالک کے درمیان اتحاد، باہمی تعاون اور ایک دوسرے کا دفاع ضروری ہے۔ ان کے مطابق جو بھی مسلمانوں کے درمیان اختلاف پیدا کرتا ہے، وہ جان بوجھ کر یا نادانستہ طور پر اسلام کے دشمنوں کے مفاد کو تقویت پہنچاتا ہے۔انہوں نے خاص طور پر اسلامی ممالک کے حکمرانوں سے کہا کہ وہ ’’اپنے حقیقی دشمن کو پہچانیں، اس کے منصوبوں کو سمجھیں اور اس کا مقابلہ کریں۔‘‘ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر مسلم ممالک متحد ہوتے تو کیا فلسطینی عوام کو اس قدر بے بسی کا سامنا کرنا پڑتا؟
خلیجی ممالک سے خصوصی اپیل
ایرانی سپریم لیڈر نے خلیجی ممالک کے حکمرانوں سے بھی اتحاد پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر خلیج کے عوام اور حکومتیں اسلام کے پرچم تلے متحد ہوتیں تو کیا بیرونی طاقتیں ان کی سرزمین اور وسائل پر نظر ڈالنے کی جرأت کرتیں؟انہوں نے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کو صرف سیاسی سطح تک محدود رکھنے کے بجائے سلامتی، معیشت، سائنس، ترقی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
امریکا اور اسرائیل کو بتایا مشترکہ دشمن
مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں امریکا اور اسرائیل کو مسلم اتحاد کے ’’دشمن‘‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں مسلم دنیا ایک فیصلہ کن مرحلے سے گزر رہی ہے اور مسلمانوں کا اتحاد ہی انہیں اپنے مفادات کے تحفظ اور ایک مضبوط اسلامی تہذیب کی تعمیر میں مدد دے سکتا ہے۔ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا و اسرائیل کے درمیان شدید فوجی کشیدگی جاری ہے اور خطے کے کئی ممالک بھی اس تنازع کے اثرات سے متاثر ہو رہے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


