ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے فحش اور قابلِ اعتراض مواد کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ بھارت سرکار کی سخت ہدایات کے بعد پلیٹ فارم نے 3,500 سے زائد پوسٹس کو بلاک کر دیا ہے ،جب کہ تقریباً 600 اکاؤنٹس کو مکمل طور پر ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔ یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے، جب الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت (میٹی وائے) نے ایک ہفتہ قبل ایکس کو خط لکھ کر پلیٹ فارم پر پھیل رہے حساس اور فحش مواد پر شدید اعتراض درج کرایا تھا۔ذرائع کے مطابق میٹی وائے نے واضح طور پر کہا تھا کہ بھارت کے آئی ٹی قوانین اور ڈیجیٹل گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ حکومت کے خط کے بعد ایکس کی جانب سے فوری ردعمل دیکھنے میں آیا۔ کمپنی نے اپنی کوتاہی تسلیم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ بھارت کے قوانین اور ضوابط کے مطابق ہی کام کرے گی اور آئندہ اس طرح کے مواد پر سخت نگرانی رکھی جائے گی۔
ایکس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کنٹینٹ ماڈریشن کے عمل میں کچھ خامیاں رہ گئی تھیں، جنہیں اب درست کیا جا رہا ہے۔ کمپنی نے یہ بھی کہا کہ مستقبل میں کسی بھی قسم کے فحش، غیر قانونی یا قابلِ اعتراض مواد کو پلیٹ فارم پر جگہ نہیں دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔گزشتہ کچھ دنوں سے ایکس پر گروک اے آئی کو لے کر تنازعہ شدت اختیار کر گیا تھا۔ الزام ہے کہ بعض یوزر گروک اے آئی کا غلط استعمال کرتے ہوئے فحش تصاویر اور مواد تیار کر رہے تھے۔ خاص طور پر خواتین اور نابالغوں کی تصاویر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر کے قابلِ اعتراض مواد بنانے کے واقعات نے تشویش میں اضافہ کیا۔ اس معاملے پر سوشل میڈیا یوزر کے ساتھ ساتھ سیاسی حلقوں میں بھی سخت ناراضگی دیکھی گئی۔
واضح رہے کہ گروک ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ ہے، جسے ایلون مسک کی کمپنی ایکس اے آئی نے تیار کیا ہے۔ اسے ایکس پلیٹ فارم اور ایک علیحدہ ایپ کے ذریعے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یوزرس ٹیکسٹ یا آواز کے ذریعے اس سے سوالات پوچھ سکتے ہیں یا مواد تیار کر سکتے ہیں، قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس کے غلط استعمال نے کمپنی کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایکس اب حکومتِ ہند کی تمام ہدایات پر مکمل عمل کرے گا۔ مشتبہ اکاؤنٹس پر کڑی نظر رکھی جائے گی، جدید خودکار اے آئی ٹولز کے ساتھ ساتھ انسانی نگرانی بھی بڑھائی جائے گی۔ حکومت نے بھی واضح اشارہ دیا ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی ذمہ داری طے کی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


