Bharat Express DD Free Dish

G-7 Summit: جی-7 سربراہی اجلاس: وزیر اعظم مودی اور ٹرمپ کی اہم ملاقات، ایران معاہدے اور سمندری سلامتی پر تبادلۂ خیال

وزیر اعظم مودی نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کی کوششوں پر ٹرمپ کی تعریف کی ہے،  اس کے ساتھ ہی انہوں نے آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے اور بحری کارکنوں کی حفاظت پر زور دیا ہے۔

فرانس کے شہر ایویان میں منعقدہ جی-7 سربراہی اجلاس کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے ایران کے ساتھ امن معاہدے کی کوششوں پر ٹرمپ کی ستائش کی اور معاہدے کے تحت سمندری جہازوں اور ان پر سوار افراد کی سلامتی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ٹرمپ سے ملاقات پروزیر اعظم مودی نے کیا خوشی کا اظہار

ملاقات کے دوران وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’آپ سے دوبارہ ملاقات کرکے بہت خوشی ہوئی۔ گزشتہ سال واشنگٹن میں ہماری ملاقات کے بعد سے بھارت اور امریکہ کے تعلقات میں نئی رفتار اور توانائی آئی ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے مشترکہ طور پر جو اہداف طے کیے تھے، ان کے حصول کے لیے تیزی سے کام جاری ہے، جو خوش آئند بات ہے۔مودی نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے ٹرمپ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کی بدولت مغربی ایشیا میں امن کی ایک نئی امید پیدا ہوئی ہے اور امید ہے کہ یہ فضا برقرار رہے گی۔

آبنائے ہرمز کا کھلا رہنا عالمی معیشت کے لیے انتہائی اہم

وزیر اعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آبنائے ہرمز کا کھلا رہنا عالمی معیشت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ٹرمپ دونوں اس حقیقت کو بخوبی سمجھتے ہیں کہ عالمی تجارت اور توانائی کی سپلائی کے لیے اس اہم بحری راستے کا محفوظ اور فعال رہنا ضروری ہے۔مودی نے دنیا بھر میں خدمات انجام دینے والے بھارتی بحری کارکنوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں بھارتی سی فیئررز عالمی بحری تجارت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے ان کی سلامتی بھی اتنی ہی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدے کے ذریعے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے اور بھارت چاہتا ہے کہ اس عمل میں سمندری جہازوں اور ان کے عملے کی حفاظت کو بھی ترجیح دی جائے۔اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ان کی انتہائی مثبت اور مفید بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدے سمیت کئی شعبوں میں تعاون جاری ہے اور بھارت و امریکہ کے تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read