نئی دہلی : فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے جی-7 سربراہی اجلاس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک منفرد اور یادگار انداز میں الوداع کہا۔ میکرون نے ہندی زبان میں خصوصی پیغام دیتے ہوئے نہ صرف بھارت-فرانس دوستی کی تعریف کی بلکہ وزیر اعظم مودی کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کا بھی اظہار کیا۔ ان کا یہ پیغام سوشل میڈیا اور سفارتی حلقوں میں خاصی توجہ کا مرکز بن گیا۔جمعرات 18 جون کو فرانس کے دورے کے اختتام پر میکرون نے ہندی میں کہا، “پریہ متر نریندر، مجھے بہت خوشی ہوئی۔ نیس، ایویان اور پیرس میں آپ کا استقبال کرکے مجھے بہت اچھا لگا۔ فرانس اور بھارت کی دوستی امر رہے۔” فرانسیسی صدر کے اس غیر متوقع ہندی پیغام نے وہاں موجود افراد کو بھی حیران کر دیا۔
ہندی میں گفتگو کے بعد میکرون نے مسکراتے ہوئے کہا، “مجھے امید ہے کہ میں نے صحیح کہا۔ میرے پیارے نریندر مودی، میں آپ کی دوستی کے لیے آپ کا بے حد شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ فرانس آپ سے بہت محبت کرتا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ دہلی واپسی سے قبل آپ پیرس میں اپنے اتنے دوست کے درمیان موجود ہیں۔”فرانسیسی صدر نے اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا کہ وہ اگلے سال فروری میں بھارت کے دورے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کے اس بیان کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے تعلقات کی ایک اور اہم علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہےکہ فرانس سے روانگی سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے پیرس میں بھارتی برادری سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے گزشتہ 12 برسوں کے دوران بھارت کی معاشی اور صنعتی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی برآمدات میں 35 گنا اضافہ ہوا ہے، جبکہ موبائل فون تیار کرنے والی یونٹس کی تعداد میں 100 گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اب دنیا کا دوسرا سب سے بڑا موبائل فون بنانے والا ملک بن چکا ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ تیز رفتار ترقی اور معاشی اصلاحات کے باعث بھارت دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت بن گیا ہے۔ مسلسل 12 سال تک وزیر اعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کو اعزاز قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بھارتی جمہوریت کی طاقت ہے کہ ایک چائے بیچنے والا شخص ملک کے اعلیٰ ترین منصب تک پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 12 برسوں میں بھارت کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) دوگنی ہوئی ہے، ملک بھر میں ہوائی اڈوں، یونیورسٹیوں اور شاہراہوں کے بنیادی ڈھانچے میں نمایاں توسیع ہوئی ہے، جب کہ تقریباً 25 کروڑ افراد غربت سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


