بالی وڈ اداکار اور عامر خان کے بھائی فیصل خان نے اپنے خاندان سے تمام تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایک عوامی نوٹس جاری کیا ہے۔ اس نوٹس میں انھوں نے اپنے والد طاہر حسین (مرحوم)، والدہ زینت طاہر حسین اور بھائی عامر خان سمیت خاندان کے دیگر افراد سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ نوٹس میں فیصل خان نے واضح کیا ہے کہ وہ آئندہ عامر خان کے گھر میں قیام نہیں کریں گے اور نہ ہی ان سے کسی قسم کا ماہانہ وظیفہ یا مالی مدد طلب کریں گے۔ نوٹس میں لکھا ہے کہ ’’میں، فیصل خان، آج کی تاریخ سے اپنے خاندان کے افراد سے خاندانی اور جائیدادی تعلقات مکمل طور پر ختم کرتا ہوں۔‘‘
نوٹس میں جن افراد کا نام شامل ہے ان میں رینا دتہ، جنید خان، ایرا خان، کرن راؤ، نکہت ہیگڑے، منصور خان، عمران خان اور دیگر رشتہ دار شامل ہیں۔ فیصل خان نے یہ فیصلہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ 2005 سے 2007 کے دوران انھیں زبردستی ادویات دی گئیں اور 2005 سے 2006 تک انھیں گھر میں زبردستی بند رکھا گیا، جو ان کے مطابق ’’ہاؤس اریسٹ‘‘ جیسا تھا۔ انھوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کی والدہ زینت طاہر حسین اور بڑی بہن نکہت ہیگڑے نے ان پر ’’پیرانوئڈ شیزوفرینیا‘‘ (ذہنی بیماری) کے الزامات لگا کر ان کے خلاف جھوٹی مہم چلائی۔ تاہم 2008 میں عدالت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے فیصل خان کے حق میں فیصلہ دیا۔
اداکار نے مزید کہا کہ اگست 2025 میں ان خاندان نے دوبارہ ان کے خلاف میڈیا اور سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈہ کیا، جس سے ان کی نجی و پیشہ ورانہ زندگی متاثر ہوئی۔ انھوں نے اعلان کیا کہ وہ اس معاملے پر جلد ایک رِٹ پٹیشن دائر کریں گے اور عوام سے ان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی اپیل کی۔ واضح رہے کہ فیصل خان فلم ’’میلہ‘‘ میں اپنی اداکاری کے لیے جانے جاتے ہیں، جس میں عامر خان نے بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

