Bharat Express DD Free Dish

NDRF deploys 31 teams in five states: سمندری طوفان ’اکوان‘ سے نمٹنے کے لیے این ڈی آر ایف نے 31 ٹیمیں کیں تعینات، 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہواؤں کی رفتار کا امکان

18 ٹیمیں ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ریزرو میں رکھی گئیں؛ اوڈیشہ اور آندھرا پردیش میں سب سے زیادہ ٹیمیں تعینات، محکمہ موسمیات نے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔

نئی دہلی: نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نے شدید سمندری طوفان ’اکوان‘ سے نمٹنے کے لیے پانچ ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اپنی 31 ٹیمیں تعینات کر دی ہیں۔ فورس کے مطابق جمعرات کی صبح تک یہ طوفان مغربی وسطی خلیج بنگال میں 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال کی جانب بڑھ رہا تھا۔ این ڈی آر ایف نے ہنگامی صورت حال میں مدد فراہم کرنے اور پہلے سے تعینات ٹیموں کی معاونت کے لیے مزید 18 ٹیمیں ریزرو میں رکھی ہیں۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی پیش گوئی کے مطابق طوفان کے ساحل سے ٹکرانے کا ممکنہ راستہ آندھرا پردیش کے نرساپور سے اوڈیشہ کے پوری تک بتایا گیا ہے۔ اسی پیش نظر فورس نے ریاستی انتظامیہ کے ساتھ قریبی تال میل قائم کرتے ہوئے اہم مقامات پر ٹیمیں تعینات کی ہیں، تاکہ راحت اور بچاؤ کارروائیوں میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

اوڈیشہ اور آندھرا پردیش میں سب سے زیادہ ٹیمیں تعینات

حکام کے مطابق این ڈی آر ایف کی زیادہ تر ٹیمیں اوڈیشہ اور آندھرا پردیش میں تعینات کی گئی ہیں، جہاں طوفان کے اثرات سب سے زیادہ پڑنے کا امکان ہے۔ 31 ٹیموں میں سے 14 اوڈیشہ، 9 آندھرا پردیش، 3-3 تلنگانہ اور تمل ناڈو، جبکہ ایک ایک ٹیم چھتیس گڑھ اور انڈمان و نکوبار جزائر میں تعینات ہے۔ اوڈیشہ میں بالاسور، کیندراپاڑا، کندھمال، رائے گڑھ، ملکانگری، گجپتی اور جگت سنگھ پور میں ایک ایک ٹیم تعینات کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ گنجام میں تین اور پوری و کوراپٹ میں دو، دو ٹیمیں موجود ہیں۔ آندھرا پردیش میں وشاکھاپٹنم میں چار، سریکاکولم میں تین اور پی مانیم میں دو ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، جبکہ کرشنا میں بھی ایک ٹیم رکھی گئی ہے۔

100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہواؤں کی رفتار کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی وسطی خلیج بنگال میں موجود شدید سمندری طوفان ’اکوان‘ شمال-شمال مغرب کی سمت بڑھنے کا امکان ہے۔ اس کے جمعرات کی دوپہر تک آندھرا پردیش کے شمالی ساحل، یانم اور جنوبی اوڈیشہ کے ساحل سے نرساپور اور پوری کے درمیان ٹکرانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس دوران ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ مسلسل رفتار 90 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے اور جھکڑوں کی رفتار 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اوڈیشہ اور آندھرا پردیش کی حکومتوں نے صورت حال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کا اعلان کیا ہے اور ضروری اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read