Bharat Express DD Free Dish

Election Commission U-Turn: لاکھوں ووٹروں کے نام کٹنے پر الیکشن کمیشن کا یو ٹرن، 7 ریاستوں میں دوبارہ ملے گا موقع، جانیے کیا ہے پورا منصوبہ؟

الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے دوران مسودہ ووٹر لسٹ سے باہر ہونے والے لاکھوں ووٹروں کو بڑی راحت دی ہے۔ دہلی، مہاراشٹر سمیت 7 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ایسے ووٹروں کو دوبارہ اپنا نام درج کرانے کا موقع ملے گا۔ سپریم کورٹ کی سختی اور مختلف سطحوں سے موصول ہونے والی شکایات کے بعد کمیشن نے یہ قدم اٹھایا ہے۔

کمیشن کے مطابق ایسے اہل ووٹر جن کے نام ’غیر حاضر، منتقل شدہ، فوت شدہ یا دوہری اندراج‘ (اے ایس ڈی ڈی) کیٹیگری میں شامل ہونے کی وجہ سے فہرست سے چھوٹ گئے تھے، اب آسان طریقہ کار کے ذریعے اپنا نام دوبارہ شامل کراسکیں گے۔

فارم 6 اور فارم 8 کی پیچیدگیوں سے ملے گی راحت

اس سے پہلے ووٹروں کے سامنے سب سے بڑی پریشانی یہ تھی کہ ووٹر لسٹ میں نئے سرے سے نام درج کرانے کے لیے انہیں فارم 6 بھرنا پڑتا تھا۔ اس میں یہ اعلان کرنا ضروری ہوتا تھا کہ وہ پہلی مرتبہ ووٹر کے طور پر رجسٹریشن کرا رہے ہیں۔ وہیں، اپنا پتہ تبدیل کرنے والے لوگوں کو فارم 8 کے پیچیدہ طریقہ کار سے گزرنا پڑتا تھا۔اب الیکشن کمیشن نے اس پریشانی کو دور کرنے کے لیے نیا طریقہ کار متعارف کرایا ہے۔ متاثرہ شہریوں کو صرف نیا ایس آئی آر فارم اور ایک سادہ اعلامیہ (اینکسچر بی یا اینکسچر سی) جمع کرانا ہوگا۔ اس میں انہیں یہ بتانا ہوگا کہ وہ پہلے مقررہ فارم کیوں جمع نہیں کرا سکے تھے۔

بی ایل او گھر گھر جاکر ووٹروں سے کریں گے رابطہ

الیکشن کمیشن نے واضح ہدایات دی ہیں کہ بوتھ لیول آفیسرز (بی ایل او) ذاتی طور پر گھر گھر جاکر متاثرہ ووٹروں سے رابطہ کریں گے۔ اس کے علاوہ واٹس ایپ، ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے بھی ضروری فارم دستیاب کرائے جائیں گے، تاکہ کوئی بھی اہل شہری اپنے حق رائے دہی سے محروم نہ رہے۔بے گھر ووٹروں کے معاملے میں بی ایل او کی جانب سے موقع پر کی جانے والی تصدیق کو ہی رہائش کے ثبوت کے طور پر قبول کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے پر سیاسی ردعمل

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو لے کر سیاسی حلقوں میں بھی بحث تیز ہوگئی ہے۔ کانگریس نے کمیشن کے اس اقدام کو ’یو ٹرن‘ قرار دیا ہے اور چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ ایک بار پھر دہرایا ہے۔بہرحال، انتظامی سطح پر اٹھائے گئے اس قدم سے ان لاکھوں ووٹروں کو بڑی راحت ملنے کی امید ہے جن کے نام ایس آئی آر کے دوران تیار کردہ مسودہ ووٹر لسٹ سے باہر ہوگئے تھے۔ اب ان کے لیے دوبارہ ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے کا راستہ آسان بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read