Bharat Express DD Free Dish

CM Yumnam Meets PM Modi: منی پور کے وزیر اعلیٰ یومنام کھیم چندر سنگھ کی وزیر اعظم مودی سے ملاقات، ریاست میں امن کی بحالی اور ترقیاتی کاموں پر تبادلۂ خیال

نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے بھی ملے وزیر اعلیٰ، بین ریاستی نقل و حمل خدمات دوبارہ شروع کرنے سمیت مختلف امور پر ہوئی بات چیت

منی پور میں حالات بہتر بنانے اور ترقیاتی کاموں کو رفتار دینے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں ریاست کے نومنتخب وزیر اعلیٰ یومنام کھیم چندر سنگھ نے نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے اہم ملاقات کی۔ اس دوران ریاست میں امن کی بحالی، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وزیر اعظم مودی کی دور اندیش قیادت سے انہیں ایک پُرامن، خوش حال اور ’ترقی یافتہ منی پور‘ کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی ترغیب ملتی ہے۔

مرکزی وزرا سے بھی ملے وزیر اعلیٰ

دہلی دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری اور امورِ نوجوانان و کھیل کے وزیر منسکھ مانڈویا سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں ریاست کی بنیادی ترجیحات، سڑک رابطوں اور حفاظتی انتظامات کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ مرکزی وزرا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جلد ہی منی پور کا دورہ کریں گے۔ اس سے قبل وزیر داخلہ امت شاہ نے وزیر اعلیٰ کو ریاست میں مکمل طور پر امن بحال کرنے، ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے اور عوام کی امیدوں کو پورا کرنے کے لیے مرکزی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تھا۔

آمد و رفت آسان بنانے کے لیے اقدامات

وزیر اعلیٰ نے وزیر داخلہ کو ریاستی حکومت کی جانب سے کیے جا رہے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حالات کو معمول پر لانے کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اسی سمت میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے امپھال-دیماپور-گوہاٹی بس سروس دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ منی پور، آسام اور ناگالینڈ کو آپس میں جوڑنے والی بین ریاستی مسافر بس خدمات تین سال سے زیادہ عرصے تک بند رہنے کے بعد رواں سال 21 اگست کو بحال کی گئی تھیں۔ ان خدمات کے دوبارہ شروع ہونے سے شمال مشرقی ہندوستان کی تینوں ریاستوں کے عام شہریوں کے لیے سفر کرنا آسان ہو گیا ہے، جس سے لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read